وزیراعظم نواز شریف حلقہ این اے 68 میں نہ آنے پرمتاثرین سیلاب مایوس‘ امداد نہ ملنے پر ان میں تشویش پائی جانے لگی

پیر 15 ستمبر 2014 13:41

وزیراعظم نواز شریف حلقہ این اے 68 میں  نہ آنے پرمتاثرین سیلاب مایوس‘ ..

حیدرآباد ٹاؤن (ارد پوائنٹ تازہ ترین اخبار 15 ستمبر 2014) مسلم لیگ (ن) کے سربراہ اور وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے حلقہ این اے 68 میں انتخابات اور نہ ہی سیلاب کے موقع پر دورہ کیا جس سے متاثرین سیلاب مایوس‘ امداد نہ ملنے پر ان میں تشویش پائی جانے لگی جبکہ تحریک انصاف نے حلقہ میں عوام سے رابطے تیز کردئیے اور وزیراعظم نواز شریف کے دورہ نہ کرنے پر مختلف چہ میگوئیاں شروع ہوگئیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان اور مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں محمد نواز شریف نے حلقہ این اے 68 سرگودھا سے الیکشن لڑا اور انتخابی مہم کے دوران انہوں نے اس حلقے کا ایک بھی دورہ نہ کیا بلکہ سابق صوبائی وزیر چوہدری عبدالغفور کو اپنا انتخابی کوآرڈینیٹر مقرر کیا جنہوں نے حلقے میں سیاسی جوڑ توڑ کیا۔

(جاری ہے)

حلقہ کے عوام کا کہنا ہے کہ این اے 68 سے تحصیل شاہپور اور تحصیل ساہیوال کے سینکڑوں دیہات سیلابی پانی سے متاثر ہوئے اور سیلابی پانی سے تین بچوں کی یکے بعد دیگرے اموات بھی واقع ہوئیں مگر کسی حکومتی وزیر مشیر تو درکنار وزیراعظم پاکستان جنہوں نے اس حلقہ سے انتخاب میں حصہ لے کر ایم این اے کی سیٹ حاصل کی انہوں نے بھی عوام کا حال تک نہ پوچھا اور نہ ہی دورہ کیا جبکہ دوسرے اضلاع میں وہ دورے کررہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق رواں ہفتے وزیراعظم حلقہ این اے 68 کے سیلابی متاثرین کیلئے کرسکتے ہیں۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ میاں نواز شریف کے مدمقابل میاں نور حیات کلیار جن کا تعلق تحریک انصاف سے تھا‘ نے انتخابات میں شکست کھائی تھی اور موجودہ صورتحال میں حلقہ کے اندر تحریک انصاف سیلاب سے فائدہ اٹھاتے ہوئے عوامی رابطوں میں متحرک ہوگئی ہے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ حال ہی میں نواز شریف نے سیال موڑ سرگودھا میں سیلابی متاثرین اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لینے کیلئے پندرہ منٹ کیلئے دورہ کیا جہاں پر متاثرین نے امداد نہ ملنے پر احتجاج اور ”گو نواز گو“ کے نعرے لگائے جس کے بعد اسی تناظر میں شاید ضلعی انتظامیہ وزیراعظم کا این اے 68 میں دورہ کروانے سے کترارہی ہے جبکہ انتخابات کے دوران میڈیا کے سامنے نواز شریف اس حلقہ کو اپنا دوسرا گھر قرار دیتے رہے۔ متاثرین سیلاب کا کہنا تھا کہ نواز شریف سیلاب اور نہ ہی انتخاب کے دوران یہاں پر آئے۔