تحریک انصاف ، عوامی تحریک کے 134کارکن رہا، لاہور ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ کر لیا

پیر 15 ستمبر 2014 12:31

تحریک انصاف ، عوامی تحریک کے 134کارکن رہا، لاہور ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ ..

اسلام آباد / لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15ستمبر 2014ء) سلام آباد اور لاہور کی عدالتوں نے تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے ایک سو سینتیس کارکنوں کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا ہے ، لاہورہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے کارکنوں کی گرفتاریوں اور نظر بندیوں کے خلاف دائر درخواستو ں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ خصوصی عدالت کے جج عتیق الرحمان نے تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے ایک سو تین کارکنوں کے کیس کی سماعت کی ۔

دوران سماعت ملزموں کے وکیل نعیم گجر ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ کارکنوں سے کوئی اسلحہ برآمد ہوا اور نہ ہی گرفتار کارکنوں کی شناخت پریڈ کرائی گئی۔ عدالت نے سر سری دلائل سننے کے بعد گرفتار کارکنوں کو 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ۔

(جاری ہے)

کارکنوں کے خلاف 30 اگست کو پارلیمنٹ ہاؤس پر حملے کے الزام میں مقدمہ درج تھا ۔

لاہور میں ماڈل ٹاون کچہر ی کے جوڈیشل مجسٹریٹ امتیاز نور کے روبرو تحریک انصاف کے وکیل گوہر سندھو نے موقف اختیار کیا کہ تحریک انصاف کے چونتیس کارکنوں کے خلاف ایف آئی آر میں لگائی گئی تمام دفعات قابل ضمانت ہیں لہٰذا کارکنان کو رہا کرنے کا حکم دیا جائے ۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ تحریک انصاف کے کارکن ہنگامہ آرائی میں ملوث ہیں ۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد تحریک انصاف کے چونتیس کارکنان کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے انہیں پچاس ،پچاس ہزا روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کی ہدایت کر دی ادھر لاہور ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے کارکنوں کی گرفتاریوں اور نظر بندیوں کے خلاف دائر درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔