وزیر دفاع نے فوج و حکومت کے درمیان اختلاف کی خبروں کو مسترد کر دیا

فوج آپریشن ضرب عضب میں مصروف ہے جو دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا،خواجہ آصف

اتوار 14 ستمبر 2014 23:40

وزیر دفاع نے فوج و حکومت کے درمیان اختلاف کی خبروں کو مسترد کر دیا

اسلام آباد،سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14ستمبر۔2014ء) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے فوج اور حکومت کے درمیان کسی بھی قسم کے اختلاف کی خبروں کو دو ٹوک الفاظ میں مسترد کر دیاہے۔ سرکاری ریڈیو سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بعض عناصر فوج کو سیاست میں گھسیٹنے کی کوشش کررہے ہیں تاہم فوج نے جمہوریت اور آئین کی حمایت کرکے اس غلط تاثر کوزائل کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فوج نے پہلے ہی واضح کر دیا ہے کہ اسلام آباد میں جاری دھرنوں سے اس کا کوئی تعلق نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ فوج آپریشن ضرب عضب میں مصروف ہے جو دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ دھرنے کے منتظمین اپنے غیر جمہوری مطالبات پر بضد ہیں جبکہ حکومت لچک کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کی سرگرمیوں کو برداشت کررہی ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ دھرنوں اور آزادی مارچ نے ملکی معیشت کو اتنا نقصان پہنچایا ہے جو حالیہ بارشوں اور سیلاب سے بھی نہیں ہوا۔