چیمپئنز لیگ، نادرن نائٹس کے پیسرزکے سامنے لاہور لائنز بے بس

اتوار 14 ستمبر 2014 19:55

چیمپئنز لیگ، نادرن نائٹس کے پیسرزکے سامنے لاہور لائنز بے بس

رائے پور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14ستمبر۔2014ء) چمپئنز لیگ ٹی20کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں ممبئی انڈیئنز کو خاک چٹا کر ایونٹ کا آغاز بہترین انداز میں کرنے والی لاہور لائنز کی ٹیم نیوزی لینڈ کی چمپئن ٹیم نادرن نائٹس کے سامنے چاروں شانے چت ہوکر 72 رنز کے واضح مارجن سے شکست پر مجبور ہوگئی۔مسلسل دوسری فتح کے بعد نادرن نائٹس کی اگلے مرحلے تک رسائی یقینی ہوگئی ہے جبکہ لاہور لائنز کو اپنے آخری میچ میں سدرن ایکسپریس کیخلاف کامیابی حاصل کرنا ضروری ہوگیا ہے۔

دوسرے میچ میں بھی لاہور لائنز کے کپتان محمد حفیظ نے ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو پاور پلے کے خاتمے پر نادرن نائٹس کی ٹیم 37رنز ہی بنا سکی تھی جبکہ آصف رضا اور اعزاز چیمہ دونوں اوپنرز سے نجات دلواچکے تھے۔

(جاری ہے)

آٹھویں اوورمیں نائٹس کے پچاس رنز مکمل ہوئے جس کے بعد60کے مجموعی اسکور پر محمد حفیظ نے ڈینیئل ہیرس(20)کو اپنی ہی بالنگ پر کیچ کرلیا۔

کپتان ڈینیئل فلائن اور وکٹ کیپر بے جی واٹلنگ کی جوڑی یکجا ہوئی تو لائنز شکار کرنا ہی بھول گئے۔دونوں بیٹسمینوں نے 14ویں اوور میں اسکور بورڈ پر 100کا ہندسہ سجانے کے بعد چوتھی وکٹ پر صرف38گیندوں پر ففٹی پارٹنرشپ بھی مکمل کرلی۔ فلائن نے عمدہ اسٹروک پلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے محض27گیندوں پر اپنی ففٹی مکمل کی جبکہ واٹلنگ نے ففٹی تک رسائی کیلئے 33گیندوں کا سہارا لیا جس میں سات چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

18ویں اوور میں دونوں بیٹسمینوں نے نادرن نائٹس کا اسکور150سے تجاوز کردیا مگر اسی اوور میں عدنان رسول نے 53رنز بنانے والے فلائن کو عمر اکمل کے ہاتھوں اسٹمپڈ کرواکر لاہور لائنز کو وکٹ دلوادی۔آخری اوور میں اعزازچیمہ (3/35)نے واٹلنگ (53)اور اسکاٹ اسٹائرس(14)کو مسلسل دو گیندوں پر آؤٹ کیا مگر اس کے باوجود نادرن نائٹس کی ٹیم 170کا مجموعہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ۔

لاہور لائنز کی جوابی کاروائی کا آغازتباہ کن انداز میں ہوا جب ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ کی جوڑی نے لاہور کے پانچ شیروں کو محض 19کے اسکور پر پویلین بھیج دیا۔دوسرے اوور میں ساؤتھی نے ناصر جمشید (5)کو بولڈ کیاجبکہ اگلے اوور میں12کے اسکور پر بولٹ نے احمد شہزاد(2)کو وکٹوں کے عقب میں کیچ کروادیا۔چوتھے اوور میں ساؤتھی نے ایک چوکا لگانے والے کپتان محمد حفیظ(5) کو واٹلنگ کی مدد سے دبوچ کر اسکور3/16کردیا۔

پانچویں اوور میں ٹرینٹ بولٹ نے گزشتہ میچ کے ہیروعمر اکمل (1)کو بولڈ کردیااور پاورپلے کے آخری اوور میں ساؤتھی نے عمر صدیق (3)کو ایل بی ڈبلیو کرکے لائنز کا اسکور5/19کردیا۔سعد نسیم اور آصف رضا نے کچھ دیر تک وکٹیں گرنے کا سلسلہ روکا مگر 34کے اسکور پر اسٹائرس نے آصف رضا(5)کی واپسی کا سامان کردیا۔حافظ سعد نسیم نے ایک اینڈ سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا جبکہ دوسری طرف سے وکٹیں گرتی رہیں۔

سعد نسیم نے 34گیندوں پر چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے اپنی ففٹی مکمل کی لیکن18ویں اوور میں 58کے انفرادی اسکور پر رن آؤٹ ہونے والا آخری کھلاڑی سعد نسیم تھا جس نے لاہور لائنز کو 98پر محدود کرکے نادرن نائٹس کو 72رنز سے کامیابی دلوادی۔ٹرینٹ بولٹ اور اش سوڈھی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا مگر مین آف دی میچ کا اعزاز ٹم ساؤتھی کے حصے میں آیا جس نے 22رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

متعلقہ عنوان :