ملالہ یوسفزئی پر حملہ کرنیوالا گروہ پکڑاگیا، سیاسی صورتحال سے فوج کا کوئی لینادینانہیں، آئی ایس پی آر

جمعہ 12 ستمبر 2014 16:39

ملالہ یوسفزئی پر حملہ کرنیوالا گروہ پکڑاگیا، سیاسی صورتحال سے فوج ..

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12ستمبر 2014ء) پاک فوج نے ملالہ یوسفزئی اوراُن کی ساتھیوں پر حملہ کرنیوالے دہشتگرد گروہ کو حراست میں لے لیاہے ، موجودہ سیاسی سرگرمیوں سے فوج کا کوئی لینا دینانہیں ، ضرب عضب شروع کرنے سے قبل ہی جامع سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیاگیاتھا۔ پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹرجنرل عاصم باجوہ نے میڈیابریفنگ میں بتایاکہ ملافضل اللہ نے ملالہ یوسفزئی پر حملے کا منصوبہ بنایا، وہ افغانستان میں بیٹھ کر دہشتگردی کررہاہے ، ملافضل اللہ کی ہدایت پر شوریٰ کے نام سے جانیوالے 10رکنی گروہ کے دوارکان نے ملالہ یوسفزئی کو شناخت کے بعد نشانہ بنایا۔

اُنہوں نے بتایاکہ شوریٰ میں شامل تمام دہشتگردمالاکنڈ کے رہائشی ہیں اور وہ تحریک طالبان پاکستان سے منسلک ہیں ۔

(جاری ہے)


میجرجنرل عاصم باجوہ نے بتایاکہ ملالہ اور شازیہ وغیرہ پرحملہ کرنیوالوں میں سے اسرارالرحمان نامی دہشتگردکو پہلے پکڑا جس کی نشاندہی پر پورے گروہ کی گرفتاری عمل میں آئی ۔ اُنہوں نے بتایاکہ شوریٰ گروہ کا سرغنہ ظفراقبال ہے اوراِسی گروہ نے کالج کے سیکیورٹی گارڈز کو بھی قتل کرنے کا اعتراف کیاہے،گرفتارگروہ ملافضل اللہ کے حکم پر عمل کرتااور کارروائی میں استعمال ہونیوالا اسلحہ بھی برآمد کرلیا، تمام گرفتارملزموں کو انسداددہشتگردی کی عدالت میں پیش کیاجائے گا۔


اُنہوں نے بتایاکہ کوئٹہ ایئربیس پر حملہ کرنے والے تمام دہشتگردمارے گئے جبکہ قائداعظم ریذیڈنسی پر حملہ کرنیوالے افراد بھی پکڑے جاچکے ہیں ۔
ترجمان کاکہناتھاکہ آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے اور اب تک 134خطرناک دہشتگردپکڑے جاچکے ہیں ،فوج ہر جگہ الرٹ ہے، آخری دہشتگرد کے خاتمے یا پکڑے جانے تک آپریشن جاری رہے گا۔