تریموں بیراج کو خطرہ ٹل گیا، 11 لاکھ سے زائد افراد متاثر، این ڈی ایم اے ،سیالکوٹ، حافظ آباد، گوجرانوالا، جہلم، نارووال زیادہ متاثر ہوئے ہیں، ترجمان

بدھ 10 ستمبر 2014 23:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10ستمبر۔2014ء)پاکستان کے مختلف علاقوں اور بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں شدید بارشوں اور سیلاب سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد ساڑھے چار سو سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ لاکھوں افراد سیلابی پانی سے متاثر ہوئے ہیں۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے این ڈی ایم اے کے ترجمان احمد کمال نے بی بی سی کو بتایا کہ تریموں بیراج کو جو خطرہ تھا وہ ٹل گیا ہے۔

(جاری ہے)

حکومتِ پنجاب کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے کے مطابق منگل کی رات تک صوبے کے مختلف علاقوں سے 179 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ تین سو سے زیادہ زخمی ہیں۔اس کے علاوہ پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر میں ہلاکتوں کی تعداد 64 رہی اور شمالی علاقے گلگت بلتستان میں 14 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔دریائے چناب میں آنے والا بڑا سیلابی ریلا اس وقت صوبہ پنجاب کے وسطی علاقوں سے گزرتے ہوئے جنوبی علاقوں کی جانب بڑھ رہا ہے۔بھارت کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر میں اب تک 200 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔