آئیں ملکر مصیبت اور مشکلات میں گھرے بھائیوں کی خدمت اور مدد کریں،وزیر اعظم کی دھرنے والوں کو دعوت ،دھرنے والے دھرنے دیتے رہیں گے اور ہم عوام کی خدمت کرتے رہیں گے سیلاب متاثرین کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کرینگے ،نواز شریف

منگل 9 ستمبر 2014 19:21

آئیں ملکر مصیبت اور مشکلات میں گھرے بھائیوں کی خدمت اور مدد کریں،وزیر ..

حافظ آباد/جلالپور بھٹیاں(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9ستمبر 2014ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے دھرنے دینے والوں کو دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئیں ملکر مصیبت اور مشکلات میں گھرے بھائیوں کی خدمت اور مدد کریں ، دھرنے والے دھرنے دیتے رہیں گے اور ہم عوام کی خدمت کرتے رہیں گے ،سیلاب متاثرین کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کرینگے ،سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے جتنی بھی رقم خرچ ہوئی کی جائے گی ،متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ، حکومت سیلاب سے متاثر ہونے والے افراد کے نقصانات کا پورا ازالہ کریگی ۔

منگل کو وزیراعظم نواز شریف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید اور وزیرمملکت سائرہ افضل تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھیں اس مووقع پر وزیراعظم کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

بریفنگ میں بتایا گیاکہ حافظ آباد سے گیارہ ہزار افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھی لوگوں کو محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا ہے۔

حافظ آباد میں دس طبی مراکزقائم کیے گئے ہیں۔ سیلاب سے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ متاثرین کے مال مویشیوں کو بھی محفوظ جگہوں تک منتقل کیا جائے۔اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب تمام امدادی کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں اچانک سیلاب کی وجہ سے زیادہ نقصان ہوا۔ حکومت سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے پیچھے نہیں ہٹے گی ۔

وزیراعظم نواز شریف نے ہدایت کی کہ جن علاقوں میں کشتیوں کی ضرورت ہے فوری فراہم کی جائیں۔ متاثرہ افراد کے گھروں کو دوبارہ تعمیر کر کے دیں گے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ نقصانات کا جائزہ لینے کے بعد سیلاب زدہ علاقوں کا دوبارہ دورہ کریں گے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ اچانک سیلاب آنے کی وجہ سے زیادہ نقصان ہوا اسی وجہ سے وہ خود انتظامات کو جائزہ لینے کے لیے دورہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے جتنی بھی رقم خرچ ہوئی کی جائے گی۔وزیراعظم نواز شریف نے واضح کیا کہ جب تک سیلاب سے متاثر ہونے والے تمام لوگ اپنے گھروں کو نہیں چلے جاتے ہم اس وقت تک ان کے ساتھ رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ سیلاب کے نتیجے میں لوگوں کے گھروں اور مال مویشیوں کو پہنچنے والے نقصان کو حکومت کی جانب سے پورا کیا جائیگا جبکہ جن لوگوں کے گھر سیلاب کی نذر ہوگئے ہیں انہیں دوبارہ تعمیر کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے متاثرین کی مدد کسی پر احسان نہیں ہوگا بلکہ یہ حکومت کا فرض ہے۔وزیر اعظم نواز شریف نے سائرہ افضل تارڑ مقامی نمائندوں  لوگوں اور امدادی ٹیموں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ان لوگوں نے اپنے بھائیوں کی مدد کی  مصیبت اور مشکلات میں کام آئے انہوں نے کہاکہ میں ایک بار پھر متاثرہ علاقوں کا دورہ کرونگا نقصانات کا جائزہ لیکر ازالہ کرینگے لوگوں کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کرینگے انہوں نے کہاکہ یہ پیسہ عوام کا ہے جو عوام پر خرچ ہورہا ہے متاثرین کی بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائینگے انہوں نے کہا کہ متاثرین کو اس مشکل گھڑی میں جو سہولت ملنی چاہیے وہ ہم فراہم کرینگے وزیر اعظم محمد نواز شریف نے دھرنے دینے والوں کودعوت دی کہ وہ میرے ساتھ آئیں ہم ملکر متاثرین کی مدد اور خدمت کریں دھرنے دینے والے ملک کی کوئی خدمت نہیں کررہے ہیں یہاں مصیب میں پھنسے لوگوں کی خدمت کرو مشکلات میں گھرے میں بھائیوں کی دیکھ بھال کیلئے آگے آئیں انہوں نے کہاکہ دھرنے والے دھرنے دیتے رہیں گے اور ہم عوام کی خدمت کرتے رہیں گے انہوں نے کہاکہ ایک بار پھر زور دیا کہ وہ دھرنے والے دھرنا ختم کر کے نیک میں شریک ہو جائیں ہم پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کیلئے کام کرتے رہیں گے ۔

متعلقہ عنوان :