Live Updates

ڈی چوک منتقل ہونے کے بعد تحریک انصاف کے آزادی مارچ کے شرکاء کی تعداد میں اضافہ

اتوار 7 ستمبر 2014 00:33

ڈی چوک منتقل ہونے کے بعد تحریک انصاف کے آزادی مارچ کے شرکاء کی تعداد ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7ستمبر۔2014ء) ڈی چوک منتقل ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے آزادی مارچ کے شرکاء کی تعداد میں اضافہ ہو گیا، عمران خان کی جانب سے پی ٹی آئی کے تمام اراکین اسمبلی اور بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے خواہشمند امیدواروں کو دھرنے میں شریک ہونے کی ہدایت پر آزادی دھرنے میں ہلچل شروع ہو گئی۔گذشتہ دو دن کی شدید موسلا دھار بارش کے بعد اتوار کے روز موسم خوشگوار ہوتے ہی پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان اور آزادی مارچ کے شرکاء کی بڑی تعداد نے ڈی چوک کا رخ کر لیا۔

شرکاء کی تعداد میں اضافہ کی ایک بڑی وجہ اتوار کی تعطیل اور پاکستان تحریک انصاف کے چئیر مین عمران خان کی جانب سے پی ٹی آئی کے تمام اراکین اسمبلی اورآئندہ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے خواہشمند امیدواروں کو دھرنے میں شریک ہونے کی ہدایت کے باعث ڈی چوک میں آزادی مارچ کے شرکاء کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس دوران پاکستان کے مختلف علاقوں سے وہ لوگ جو کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ کے حصول کے خواہشمند ہیں اپنے اپنے حامیوں اور سپورٹرز کی ایک بڑی تعداد کے ساتھ آزادی مارچ کے دھرنے میں شرکت کے لئے پہنچے۔

اس دوران ڈی چوک میں لگائے جانے والے مختلف ٹینٹوں اور خیموں پر ان پی ٹی آئی کے حامی متوقع امیدواروں نے اپنے انتخابی بینر اور پوسٹر لٹکانا شروع کر دئیے تا کہ ان کی شرکت کو نمایاں اہمیت مل سکے، جبکہ دوسری جانب اتوار کی تعطیل ہونے کے باعث راولپنڈی اور اسلام آباد کے مقامی افراد کی ایک بڑی تعداد بھی ڈی چوک پہنچی اوروہاں اس نے پی ٹی آئی کے آزادی مارچ میں شرکت کی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات