وزیر اعلیٰ پنجاب سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لینے کیلئے اچانک جلالپور بھٹیاں پہنچ ،سیلابی علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا،مصیبت کی گھڑی میں مبتلا متاثرین سیلاب کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،انہیں ریسکیو اور ریلیف فراہم کرنے تک میں ان کیساتھ ہی رہوں گا،شہباز شریف

اتوار 7 ستمبر 2014 23:48

وزیر اعلیٰ پنجاب سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لینے کیلئے اچانک جلالپور ..

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7ستمبر۔2014ء) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لینے کیلئے اچانک جلالپور بھٹیاں پہنچ گئے،وزیر اعلیٰ نے سیلابی علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا۔ڈی سی او محمد عثمان اور پاک فوج کے افسران نے وزیر اعلیٰ کو متاثرین سیلاب کی ریلیف کے سلسلہ میں کیے جانے والے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی،وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ،چودھری اسد اللہ آرائیں،ڈی پی او محمد زبیر دریشک بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں مبتلا متاثرین سیلاب کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور انہیں ریسکیو اور ریلیف فراہم کرنے تک میں ان کیساتھ ہی رہوں گا۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت سیلاب متاثرین کی ہر ممکن امدادفراہم کی جا رہی ہے اور اُنکی ریلیف کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،متاثرین پنجاب کی امداد کیلئے حکومت پنجاب نے 15کروڑ روپے جاری کر دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے ڈی سی او کو ہدایت کی کہ ریسکیو آپریشن کو مزید تیز کیا جائے اور سیلاب میں پھنسے افراد کو نکالنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔اُنہوں نے کہا کہ ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کیلئے مزید ہیلی کاپٹر اور کشتیاں فراہم کر دی گئی ہیں ،دریائے چناب میں آنے سیلاب نے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں،اس قدرتی آفت سے بچنے کیلئے فوری اور دیر پا اقدامات کیے جائیں گے ۔دریا کے کنارے حفاظتی بند بنا کر دیہاتوں اور قیمتی فصلوں کو محفوظ بنایا جائے گا ۔