Live Updates

وزیراعلیٰ بلوچستان بھی دھاندلی سے جیتے، مسلم لیگ ن نے ڈپٹی وزیراعظم بننے کی پیشکش کی، اقتدار مقصد نہیں، مظلوم عوام کیلئے کھڑا ہوں: عمران خان

اتوار 7 ستمبر 2014 22:09

وزیراعلیٰ بلوچستان بھی دھاندلی سے جیتے، مسلم لیگ ن نے ڈپٹی وزیراعظم ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7ستمبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے عمران خان کو ڈپٹی وزیراعظم بنانے کی پیشکش کی ہے، بڑی سستی قیمت لگائی انہوں نے میرے ضمیر کی، تھوڑا سا مہنگا کر لیتے، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالمالک بھی دھاندلی کے ذریعے بلوچستان کے وزیراعلیٰ بنے ہیں، نواز لیگ میر قدوس بزنجو کے حلقے میں بھی دھاندلی ہوئی۔

آزادی مارچ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ قوم کے اندر نیا پاکستان بنانے کا جذبہ ہے، رکشے والے، ریڑھی والے اور تمام غریب لوگ یہاں پہنچیں، کم از کم ہمارے آزادی مارچ سے ریڑھی والوں کے روزگار کا بندوبست ہو گیا ہے اور بہت سے ریڑھی والے آزادی مارچ کے قریب موجود ہیں اور چیزیں بیچ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایسے پولیس والے اور فوجی جوان جو اپنی ڈیوٹی نہیں کر رہے وہ بھی اپنی فیملیز کے ساتھ یہاں آئیں۔

قوم میں مجھ سے زیادہ سٹیمنا ہے، ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، میں پاکستانی قوم کو مان گیا ہوں۔عمران خان نے کہا کہ بلوچستان کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بھی دھاندلی کے ذریعے جیت کر وزیراعلیٰ بنے ہیں ، ریٹرننگ افسر نے ان کے ووٹوں کی تعداد میں ردوبدل کیا جس کے بعد اس کا ضمیر جاگ گیا اور پھر اس نے ایک خط لکھا کہ ووٹوں کے اعداد و شمار میں غلطی ہو گئی ہے جس پر اسے تبدیل کر دیا گیا۔

انہوں نے پنجاب کے سابق نگران وزیراعلیٰ نجم سیٹھی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ” سیٹھی! ہماری چڑیا نے بھی ہمیں بتایا ہے کہ آپ نے انتخابات میں 35 پنکچر کیسے لگائے“۔ عمران خان نے کہا کہ ظفر اللہ جمالی کو جتوانے کیلئے 24 ہزار ووٹ مسترد ہوئے۔ آواران میں مسلم لیگ ن کے میر قدوس بزنجو کو 25 ووٹوں سے فاتح قرار دیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کتنے وزیراعظم آئے اور گئے لیکن انہیں کوئی نہیں جانتا، میں وزیراعظم نہیں اس کے باوجود پوری دنیا مجھے جانتی ہے، اس کے علاوہ کس وزیراعظم کو اس طرح کی عزت ملے گی جو عوام مجھے دے رہی ہے، مسلم لیگ ن نے ڈپٹی وزیراعظم بننے کی پیشکش کر کے بہت تھوڑی قیمت لگائی ہے، نواز شریف کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ یہاں آ کر کھڑے ہوں اور اگر 10 لوگوں نے بھی تالیاں بجا دیں تو میں مان جاﺅں گا، تالیاں تو دور کی بات ہے، وزیراعظم نواز شریف جان بچا کر واپس چلے گئے تو بہت خوش قسمت ہوں گے۔

ادھر صرف اس لئے کھڑا ہوں کہ جب بھی اللہ کے سامنے جاﺅں تو کہوں کہ اللہ میں نے مظلوم قوم کو حقوق دلانے کیلئے پوری کوشش کی۔عمران خان نے تاجروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ” میرے تاجر بھائیو اگرآپ نے صحیح معنوں میں تجارت کرنی ہے اور رشوت سے جان چھڑانی ہے تو ادھر پہنچیں، نئے پاکستان میں کوئی رشوت نہیں ہو گی، ہم نے سارے مظلوم اکٹھے کر کے بڑے بڑے مگرمچھوں کا مقابلہ کرنا ہے“۔

انہوں نے کہا کہ بے حس حکمرانوں نے بجلی کی قیمتیں بڑھا دی ہیں اور عوام پوچھنے کا حق رکھتے ہیں کہ بجلی کے بل بڑھ گئے، لوڈشیڈنگ بھی بڑھ گئی اور سرکلر ڈیٹ بھی بڑھ گیا ہے، عوام کا پیسہ کہا گیا؟ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو سیاست میں آنے سے پہلے اللہ نے شہرت اور پیسے سمیت سب کچھ دے دیا، کسی چیز کی کمی نہیں اور اگر میرا مقصد اقتدار حاصل کرنا ہوتا تو موجودہ حکمرانوں کے ساتھ مک مکا کر کے بھی بن سکتا تھا، شوکت عزیز اور معین قریشی وزیراعظم بن سکتا ہے تو عمران خان کی حالت ان سے بہتر تھی جس کیلئے وزیراعظم بننا کوئی مشکل نہیں تھا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات