امر یکی صدر کا مزید 350 امریکی فوجی عراق بھیجنے کا حکم

بدھ 3 ستمبر 2014 12:02

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 ستمبر۔2014ء)امریکا کے صدربا راک اوباما کو دولت اسلامیہ کی کارروائیوں نے مزید 350 امریکی فوجی عراق بھیجنے پر مجبور کر دیا ہے۔ بظاہر یہ فوجی بغداد میں قائم امریکی سفارت خانے کی حفاظت پر تعینات دستے میں شامل ہوں گے۔ عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق ان فوجیوں کے عراق پہنچنے کے بعد وہاں قائم امریکی سفارتی تنصیبات کی حفاظت پر مامور امریکی فوجیوں کی تعداد 820 ہوجائے گی۔

(جاری ہے)

وائٹ ہاوس کا کہنا ہے کہ صدر اوباما عراق اور شام میں سرگرم شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کیخلاف ایک مضبوط علاقائی اتحاد تشکیل دینے کے لیے اپنی انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کو بھی مشرقِ وسطیٰ بھیج رہے ہیں۔ ترجمان جوش ارنسٹ کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان کے مطابق وزیرِ خارجہ جان کیری ، وزیرِ دفاع چک ہیگل اور صدر اوباما کی مشیر برائے داخلی سلامتی لیزا موناکو عنقریب مشرقِ وسطیٰ کا دورہ کریں گے۔ یہ اعلامیہ دولتِ اسلامیہ کی جانب سے ایک امریکی صحافی کے قتل کی ویڈیو جاری کیے جانے کے چند گھنٹوں بعد سامنے آیا ہے