امریکا سے، ایڈ، نہیں "ٹریڈ" چاہتے ہیں،جلیل عباس جیلانی

بدھ 3 ستمبر 2014 12:02

ہیوسٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 ستمبر۔2014ء) امریکا میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کو ”ایڈ“ کی نہیں ”ٹریڈ“ کی ضرورت ہے امریکہ اور پاکستان کے تعلقات دن بدن بہتر ین ہوتے جا رہے ہیں پاکستان کے علاقے وزیرستان میں جاری پاک فوج کے آپریشن کے سبب 700 سے 800 دہشت گردوں کو علاقے سے باہر نکال دیا گیا ہے یہ بات انہوں نے ”ہیوسٹن میں منعقدہ ایک ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس کا انتظام میئر ہیوسٹن اور اراکین کونسل کے اشتراک سے کیا گیا تھا جس کو پاکستان کے معروف بزنس مین سید جاوید انور نے اسپانسر کیا تھا۔

سفیرِ پاکستان نے اس موقع پر کہاکہ میرے دورہ ٹیکساس کا مقصد بھی یہی ہے کہ پاکستان میں انرجی کے شعبے میں امریکی صنعتکار اور سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کریں انہوں نے کہاکہ پاکستان نے اس ضمن میں سرمایہ کاروں کیلئے پْرکشش مراعات کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں آئل اور گیس کے بڑے وسیع ذخائر ہیں جہاں پر امریکی سرمایہ کار سرمایہ کاری کر کے ایک خطیر رقم حاصل کر سکتے ہیں جبکہ اس سرمایہ کاری کے نتیجے میں پاکستان اور پاکستانیوں کو مدد بھی فراہم کر سکتے ہیں۔

جلیل عباس جیلانی نے کہاکہ ”ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی“ جیسی تنظیموں کے تحت پاک امریکہ تعلقات اور سرمایہ کاری کے حوالے سے جو پیشرفت ہو رہی ہے وہ قابل ستائش ہے انہوں نے کہاکہ یہ تنظیم پاکستان کے سفیر کا کردار ادا کر رہی ہے جس میں قائم مقام میئر غنزالسس اور سسٹر سٹی کے صدر سعید شیخ کا شکرگزار ہوں۔ انہوں نے کہاکہ گو کہ پاکستان کو یو ایس ایڈ کے ذریعے خطیر امداد فراہم کی جا رہی ہے تاہم ہم چاہتے ہیں کہ اس سے زیادہ ٹریڈ پر توجہ دی جائے اور امریکی مارکیٹ کو پاکستان کیلئے مزید کھولا جائے تاکہ پاکستان میں غربت کا خاتمہ ہو سکے اور وہاں کے لوگوں میں خوشحالی آ سکے۔

انہوں نے کہاکہ ٹریڈ کی صورت میں آنے والی خوشحالی طویل المیعاد (دیرپا) ہو گی۔ اس موقع پر امریکی کانگریس کے رکن ایل گرین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور پاکستانیوں پر جب بھی مشکل وقت آیا اْس کیلئے وہ ہمیشہ کھڑے ہوئے اس ضمن میں وہ بذات خود پاکستان بھی گئے اور آئندہ بھی جاتے رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ حال ہی میں پاکستان کو یو ایس ایڈ نے 400 ملین ڈالرز کی امداد دی مگر اس ایڈ سے زیادہ ان کو ٹریڈ کی ضرورت ہے اور میری کوشش ہو گی کہ پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری کریں جبکہ امریکی مارکیٹ کو پاکستانی مصنوعات کیلئے مزید وسعت دی جائے۔

انہوں نے کہاکہ میرے حلقہ انتخاب میں اکثریتی پاکستان مقیم ہیں جن کی خواہش بھی یہی ہے اور میں اپنے علاقے کے لوگوں کی خوشی کیلئے ہی ہمیشہ پاکستان کیلئے کام کرتا رہا ہوں اور کرتا رہوں گا کیونکہ میں اپنے حلقے کے عوام کو جوابدہ ہوں۔ اس موقع پر سفیرِ پاکستان کو ہیوسٹن کے قائم مقام میئر مسٹر غنزالسس نے شہر کی اعزازی شہریت دینے کا سرٹیفکیٹ دیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میزبان ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی کے صدر سعید شیخ نے کہاکہ ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی کے تحت متعدد پروگرام منعقد کئے گئے جو کہ پاک امریکہ تعلقات‘ سرمایہ کاری‘ تعلیم‘ صحت‘ امداد کے حوالے سے تھے جس کے سبب پاکستان کو مدد فراہم کی گئی انہوں نے کہاکہ ہماری تنظیم پاک امریکہ تعلقات اور پاکستان کی فلاح و بہبود کے حوالے سے ایک پْل کا کردار ادا کر رہی ہے

متعلقہ عنوان :