طاہر القادری سے قمر زمان کائرہ کی ملاقات، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال،معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور ،امید ہے مسائل جلد مذاکرات کے ذریعے حل ہوجائیں گے ، سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی کی گفتگو

منگل 2 ستمبر 2014 01:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2ستمبر۔2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری سے پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قمرزمان کائرہ کی ملاقات،موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال،معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور،قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ حکومت پارلیمنٹ کی تائید کو طاقت کے بجائے رہنمائی سمجھے اور معاملات کو افہام وتفہیم سے حل کرنے کیلئے مزید لچک کا مظاہرہ کریں،امید ہے معاملات جلد حل ہوجائیں گے۔

منگل اور بدھ کی درمیانی شب پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور سابق وفاقی وزیر قمرزمان کائرہ نے ڈاکٹر طاہر القادری سے ان کے کنٹینر میں ملاقات کی،ملاقات کے دوران موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے قمرزمان کائرہ نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے یاد کیا تو ان سے ملنے آیا،انہوں نے کہا کہ میری ملاقات دوپہر کے وقت طے تھی لیکن مصروفیات کی بناء پر ابھی آیا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک سوال کے جواب پر کہا کہ پیپلزپارٹی اس معاملے کا افہام وتفہیم سے حل چاہتی ہے اور چاہتی ہے کہ تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل ہوں اور پارٹی کی ترجمانی کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کر رہا ہوں اور اس سلسلے میں پارٹی اجلاس میں مشاورت بھی کی ہے۔انہوں نے ایک اور سوال پر کہا کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا گیا ہے تاکہ مسائل کا حل نکالا جاسکے،تمام جمہوری قوتیں جمہوریت کی بالادستی اور مضبوطی کیلئے متفق ہیں لیکن حکومت اس اتفاق واتحاد کو اپنی طاقت کی بجائے رہنمائی سمجھے اور پارلیمنٹ کے بتائے ہوئے راستے پر رہنمائی لیتے ہوئے مسئلے کا حل نکالے۔

انہوں نے ایک اور سوال پر کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری سے تمام معاملات پر کھل کر بات ہوئی ہے،امید ہے کہ مسائل جلد مذاکرات کے ذریعے حل ہوجائیں گے۔