Live Updates

اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈاکٹر طاہرالقادری اور پاکستان تحریک انصاف کو دوبارہ نوٹسز جاری، عدالت نے وزارت داخلہ کی رپورٹ کو بھی غیر سنجیدہ قراردے دیا،عدالت کو بتایا جائے پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کے کارکنان ریڈزون میں اجازت سے داخل ہوئے یا زبردستی گئے ہیں؟جسٹس اطہر من اللہ

منگل 2 ستمبر 2014 22:38

اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈاکٹر طاہرالقادری اور پاکستان تحریک انصاف کو ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2ستمبر۔2014ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری اور پاکستان تحریک انصاف کو دوبارہ نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 9 ستمبر تک ملتوی کردی ۔عدالت نے وزارت داخلہ کے حکام کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ کو بھی غیر سنجیدہ قراردے دیا ہے۔ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے کہ عدالت کو بتایا جائے پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کے کارکنان ریڈزون میں اجازت سے داخل ہوئے یا زبردستی گئے ہیں؟۔

منگل کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اطہرمن اللہ پر مشتمل سنگل بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔ درخواست گذارکے وکیل اکرام چوہدری عدالت عالیہ میں پیش ہوئے ۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اسلام آباد مریم خان عدالت عالیہ میں پیش ہوئی۔ عدالت میں پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے کوئی وکلاء پیش نہ ہوا۔

ابتدائی سماعت کے دوران جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے کہ وزارت داخلہ کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ انتہائی غیر سنجید گی کا مظاہر ہ کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیاکہ پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کے لوگوں کو ریڈزون میں جانے کی اجازت کس نے دی ۔ درخواست گزار اجمل بلوچ کے وکیل نے عدالت عالیہ میں اپنے دلائل دیتے ہوئے بتایا کہ وزارت داخلہ نے اسلام آباد کے تاجروں کی سکیورٹی کے حوالے سے کوئی اقدامات نہیں کیے ہیں اور نہ ہی تاجروں کے نقصانا ت کا ازالہ کیا گیا ہے۔

عدالت نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اسلام آبادسے استفسار کیا کہ پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کے لوگوں کو ریڈزوں میں داخل ہونے کی اجازت کس نے دی ہے۔ کیا مقامی انتظامیہ کی بے بسی کے باوجود ریڈزوں میں داخل ہوئے ۔ عدالت نے وزارت داخلہ کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ سے مطمئن نہ ہوتے ہوئے رپورٹ کو غیر سنجیدہ قرار دے دیا ہے۔ عدالت وزارت داخلہ کو دوبارہ رپورٹ جمع کرانے ،پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کو دوبارہ نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 9 ستمبر تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ انجمن تاجران اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ کی جانب سے اسلام آباد کے حساس ترین ایریا میں دھرنا دینے اور آبپارہ میں دھرنا دینے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ گذشتہ پیشی پر عدالت پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کو نوٹس جاری کیے تھے۔ عدالت نے دونوں جماعتوں کا موقف سننے کے لیے فریقین کو نوٹس جاری کیے تھے۔ عدالت نے پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کو ریڈزوں میں دھرنے دینے کے اجازت نامے بھی عدالت میں طلب کیے تھے۔۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات