آزمائش کی اس گھڑی میں پارلیمنٹ متحدہے،سعد رفیق،

قوم کو یقین دلاتے ہیں کوئی طاقت ہمیں جمہوریت کے راستے سے نہیں ہٹاسکتی، تما م سیاسی جماعتیں آئین اور پارلیمنٹ کے تحفظ کیلئے ایک ہیں،جبر اور زور کے ذریعے جمہور کے فیصلے کو تبدیل نہیں کیاجاسکتا، قادری اور عمران ملک میں جنگل کا قانون نافذ کرنا چاہتے،لشکر کشی کا اصول مان لیاگیا توپاکستان میں کوئی آئین وقانون باقی نہیں رہے گا،میڈیا سے گفتگو

منگل 2 ستمبر 2014 21:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2ستمبر۔2014ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہے کہ آزمائش کی اس گھڑی میں پارلیمنٹ متحدہے، قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ کوئی طاقت ہمیں جمہوریت کے راستے سے نہیں ہٹاسکتی، تما م سیاسی جماعتیں آئین اور پارلیمنٹ کے تحفظ کیلئے ایک ہیں،جبر اور زور کے ذریعے جمہور کے فیصلے کو تبدیل نہیں کیاجاسکتا۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے افسو کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ قادری اور عمران ملک میں جنگل کا قانون نافذ کرنا چاہتے، مظاہرین ڈنڈے کے زور پر دارلحکومت کو فتح کرنا چاہتے ہیں، ڈنڈا بردار، کٹر، ماسک اور ہتھوڑے لیکر آئے ہیں، انہیں جواب دیناہوگا،ارکان پارلیمنٹ یہ قانون نافذ نہیں ہونے دیں گے۔

(جاری ہے)

سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان بدقسمتی سے وزیراعظم ہوں اور ہم جتھا لے آئیں تو یہ کس طرح چلیں گے،لشکر کشی کا اصول مان لیاگیا توپاکستان میں کوئی آئین وقانون باقی نہیں رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سر کے بل بھی کھڑے ہوجائیں نوازشریف استعفا نہیں دینگے، کوئی طاقت یا گروہ ہمیں جمہوریت کے راستے سے نہیں ہٹا سکتا۔ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہم نے بھی ساری زندگی پولیس کا مقابلہ کیا لیکن ڈنڈوں کے بغیر،حکومت ملک میں جنگل کا قانون نافذ کرنے کی مخالفت کرے گی،پارلیمنٹ کے ارکان یہ قانون نافذ نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی پر دھاوا بولنے پرعمران خان اور طاہرالقادری کیا جواب دیں گے؟سعد رفیق نے کہا کہ ہم اب بھی مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اتنا جھوٹ بولتے ہیں کہ بعض اوقات لگتا ہے کہ ہم غلط ہیں انہو ں نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری نے لندن میں خفیہ ملاقاتیں کیں اور وہاں پر یہ دھرنوں کے حوالے سے تمام حکمت عملی تیار کی ۔انہوں نے کہا کہ ایسے لوگوں کو کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا کیونکہ جو ملک کے آئین ،قانون اور جمہوریت کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے ان کو منہ کی کھانا پڑے گی اور کبھی بھی کامیاب نہیں ہوں گے ۔

خواجہ سعد رفیق نے جاوید ہاشمی کی پریس کانفرنس کے حوالے سے کہا کہ جاوید ہاشمی نے فوج پر نہیں بلکہ عمران خان پر الزامات لگائے جو اپنی تقاریر میں بھی کئی بار ایمپائر انگلی کھڑی کرنے کے تاثر دے چکا ہے جو کہ غلط ہے کیونکہ فوج اس میں بالکل ملوث نہیں ہے اگر فوج جمہوریت کو سبوتاژ کرنا چاہتی تو پھر کیا وہ پارلیمنٹ اور آئین کی حفاظت کررہی ہوتی۔

متعلقہ عنوان :