سفارتخانوں کی بندش کی ہدایات جاری نہیں کیں،دفترِ خارجہ ،

سفارتی عملے کو یہ ہدایت ضرور کی گئی کہ وہ شہر میں سفر کے دوران احتیاط کا مظاہرہ کریں، ترجمان دفترِ خارجہ کا بیان

منگل 2 ستمبر 2014 20:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2ستمبر۔2014ء) دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ ملک کی سیاسی صورتحال کی وجہ سے غیر ملکی سفارتخانوں کی بندش کے حوالے سے کوئی ہدایات وزارت کو موصول نہیں ہوئی ہیں۔منگل کو جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ مقامی ذرائع ابلاغ میں اسلام آباد میں سفارتخانوں کی بندش کی حوالے سے خبریں نشر کی گئی ہیں۔ترجمان نے کہا ہے کہ وزارت یہ وضاحت کرنا چاہتی ہے کہ اس نے اس سلسلے میں نہ تو کوئی ہدایات جاری کی ہیں اور نہ ہی اسے ایسی کوئی ہدایات ملی ہیں۔

تاہم انھوں نے کہا کہ سفارتی عملے کو یہ ہدایت ضرور کی گئی ہے کہ وہ شہر میں سفر کے دوران احتیاط کا مظاہرہ کریں۔بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام سفارتی مشنز اور ان سے متعلقہ افراد کی ذمہ داری حکومتِ پاکستان کی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اویس لغاری نے پیر کو قومی اسمبلی میں کہا تھا کہ دو جماعتوں کے دھرنوں کی وجہ سے اسلام آباد کے ریڈزون میں واقع فارن مشنز پانچ دن کے لیے بند ہوگئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وجہ سے پاکستان کا پوری دنیا سے سفارتی رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔خیال رہے کہ اسلام کا ریڈ زون جہاں سفارتی علاقہ ڈپلومیٹک انکلیو بھی واقع ہے کہ آج کل پاکستان تحریکِ انصاف اور عوامی تحریک کے احتجاج کا مرکز بنا ہوا ہے۔