عمران قادری شام اور لیبیا جیسے حالات پیدا کر کے ایٹمی بساط لپیٹنا چاہتے ہیں ۔ چوہدری محمد برجیس طاہر

منگل 2 ستمبر 2014 19:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2ستمبر۔2014ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ عمران خان اور طاہرالقادری ایک منظم منصوبہ بندی سے پاکستان کی ایٹمی صلاحیت کے خلاف سازش کررہے ہیں۔ دونوں کو اس ملک کی عزت، وقار، امن امان اور ترقی سے کوئی سروکار نہیں۔ وہ اس ملک میں مصر، عراق ، شام اور لیبیا جیسے حالات پیدا کر کے اس ملک کی ایٹمی بصاط لپیٹنا چاہتے ہیں۔

کوئی ملک اس وقت تک اپنا وجود برقرار نہیں رکھ سکتا جب تک اسکی معیشت اس کا ساتھ نہ دے۔ ہماری حکومت نے ایک سال سے کچھ زائد عرصے میں ہی اس ملک کی معیشت کو پٹڑی پر چڑھایا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وہ پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے ملاقات کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے ملک میں جمہوری روایات کو پروان چڑھایا۔

یہی وجہ ہے کہ ہم نے آزاد کشمیر، بلوچستان، سندھ اور خیبر پختونخواہ سمیت تمام صوبوں میں دوسری جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام کیا۔ حالانکہ خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف کی اکثریت نہ ہونے کے باوجود ہم نے انکو وہاں حکومت بنانے کا موقع فراہم کیا۔ پاکستانی تاریخ میں آج پہلا موقع ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں خواہ وہ اتحادی ہوں یا حزب اختلاف کی تمام کی تمام آئین اور پارلیمنٹ کی بالا دستی کیلئے حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر وہ شخص جو جمہوریت پر یقین رکھتا ہے وہ اداروں کی بالادستی پر بھی یقین رکھتا ہے۔ چوہدری برجیس طاہر نے کہا کہ عمران خان اور طاہرالقادری نے دھاوا بول کر نہ صرف اداروں بلکہ اس سسٹم اور آئین کی بھی تضحیک کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اب ہم سے پوچھتے ہیں کہ اگر صوفی محمد پر آئین کی خلاف ورزی پر مقدمہ چل سکتا ہے تو عمران اور قادری پر کیوں نہیں چل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان اور قادری اپنے مقاصد میں کامیاب ہو گئے تو وہ دن دور نہیں جب اس قماش کے دیگر متحارب گروہ کل کو ہماری دہلیز پر بیٹھے ہونگے اور حکومتوں کی تبدیلی مذاق بن کے رہ جائے گی۔

متعلقہ عنوان :