دن کو مذاکرات کی بات کرنے والے رات کو پرامن مظاہرین پر گولیاں برساتے ہیں ‘میاں محمود الرشید،

دوسروں کو دہشتگرد کہنے والوں کیخلاف دہشتگردی کی ایف آئی آر درج ہے ،مشترکہ اجلاس میں کم و بیش تمام پارلیمنٹرینز نے عمران کی چارج شیٹ دہرائی ، شریف خاندان کا طرز حکومت شاہانہ ہے ، وزیراعظم پارلیمنٹ میں آنا پسند نہیں کرتے ‘ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ہونیوالی تقریروں پر تبصرہ

منگل 2 ستمبر 2014 19:03

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2ستمبر 2014ء) تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے رکن و مرکزی نائب صدر میاں محمود الرشید نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ہونیوالی تقریروں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ اجلاس میں کم و بیش تمام پارلیمنٹرینز نے عمران خان کی چارج شیٹ دہرائی ، دوسروں کو دہشتگرد کہنے والوں کیخلاف عدالتی توثیق کے ساتھ دہشتگردی کی ایف آئی آر درج ہے۔

میاں محمود الرشید نے کہا کہ پارلیمانی لیڈروں نے اعتراف کیا ہے کہ حکومت نے عمران خان کے دھاندلی کے حوالے سے تحفظات کو سنجیدگی سے نہیں لیااور یہ کہ2013 کے الیکشن میں بدترین دھاندلی ہوئی ، حکومت کرپشن میں ملوث ہے ،نندی پورپاور پروجیکٹ میں ہونیوالی کرپشن کا ذکر بھی کیا گیا جس کی حکومت کی طرف سے کوئی تردید نہیں آئی، پارلیمنٹ میں کہا گیاکہ ماڈل ٹاؤن میں انسانیت سوز مظالم ڈھائے گئے ، شریف خاندان کا طرز حکومت شاہانہ ہے ، وزیراعظم پارلیمنٹ میں آنا پسند نہیں کرتے اس چارج شیٹ کے باوجود وفاقی وزیر داخلہ کا اپنے آئینی حق کی بازیابی کیلئے پرامن جدوجہد کرنے والوں کو غدار قرار دلوانے کی بات کرنا بذات خود غداری اور پارلیمنٹ کی توہین ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپنے جائز حق کیلئے پارلیمنٹ کے سامنے جمع ہونا پارلیمنٹ کی توہین نہیں بلکہ جعلی مینڈیٹ لیکر پارلیمنٹ میں داخل ہونا اس کے تقدس کی پامالی ہے۔ میاں محمود الرشید نے کہاکہ وزیرداخلہ نے اپوزیشن پر جھوٹ بولنے کا بہتان لگایا حالانکہ پارلیمنٹ کے روبرو جھوٹ بولنے والے وزیراعظم ان کے دائیں طرف بیٹھے تھے جنہوں نے ریکارڈ پر کہا کہ آرمی چیف کو ملاقات کی درخواست عمران خان اور طاہر القادری نے دی اور ان کا یہ جھوٹ آئی ایس پی آر کی وضاحت سے بے نقاب ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایس پی آر کی وضاحت سے یہ بات بھی ثابت ہو چکی ہے کہ فوج کو سیاست میں ملوث کرنے والے وہ لوگ ہیں جنہوں نے فوج سے Facilitation کی درخواست کی ۔انہوں نے مزید کہا کہ شریف حکومت کے دو روپ ہیں دن کی روشنی میں مذاکرات کی بات کرتے ہیں اوررات کے اندھیرے میں پرامن مظاہرین پر گولیاں ، آنسو گیس کے شیل اور لاٹھیاں برساتے ہیں اور تحریک انصاف کے کارکنان کے گھروں پر کریک ڈاؤن کر کے گرفتاریاں کرتے ہیں ۔