مولانا طاہر القادری نے دعوت دی میری جماعت میں آجائیں ” وزیراعظم بنادونگا“ جاوید ہاشمی کا انکشاف

منگل 2 ستمبر 2014 18:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2ستمبر 2014ء) جاوید ہاشمی نے انکشاف کیا کہ مولانا طاہر القادری نے کہاکہ تھا میری جماعت میں آجائیں ” وزیراعظم بنادونگا“ میں نے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ مولانا آپ کو خواب آئے نہ آئے میرا معاملہ لٹک جائیگا رہنے دیں ، ایوان میں زوردار قہقہہ، وزیراعظم بھی مسکرادیئے، ایوان کشت زغفران کا منظر پیش کرنے لگ گیا۔

(جاری ہے)

منگل کے روز اپنے خطاب کے دوران مخدوم جاوید ہاشمی نے انکشاف کیا کہ مولانا طاہر القادری نے آج سے 6سال پہلے مجھ سے رابطہ کیا اور ملاقات کے دوران کہاکہ میں نے مدینہ والے کے نام پر اپنی پارٹی بنائی ہے آپ میری جماعت میں شامل ہوجائیں آپ کو وزیراعظم بنادونگا جس پر میں نے کہاکہ مولانا آپ کا کام خوابوں پر چلتاہے کہیں ایسا نہ ہو آپ کو خواب ہی نہ آئے اور میرا معاملہ بیچ میں لٹک جائے اس لئے اسے رہنے دیں جس پر ایوان میں زور دار قہقہہ لگا اور ایوان کشت زغفران کا منظر پیش کرنے لگا۔ وزیراعظم میاں نوازشریف سمیت تمام اراکین بے ساختہ مسکرادیئے۔