پاک فوج کی جانب سے فوج کو غیرسیاسی ادارہ قرار دینے کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاسبان،

یوم دفاع سرکاری سطح پر جوش و خروش سے منا کر پاک فوج کے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا جائے، آفتاب الدین قریشی

منگل 2 ستمبر 2014 18:17

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2ستمبر 2014ء) پاسبان پاکستان کے سینئر نائب صدر انجینئر آفتاب الدین قریشی نے پاک فوج کے ترجمان کی جانب سے وزیراعظم کو استعفیٰ دینے کے مشورے اور تحریک انصاف اور عوامی تحریک کی پشت پناہی کی تردید کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کی جانب سے فوج کو غیرسیاسی ادارہ قرار دینا خوش آئند عمل ہے۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کے حوالے سے جاوید ہاشمی کے بیان نے قوم کو تشویش میں مبتلا کردیا تھا لیکن آئی ایس پی آر کی جانب سے بروقت وضاحت نے معاملے کو کافی حد تک صاف کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے مارچ و دھرنے کے دوران بعض عناصر مسلسل یہ تاثر دے رہے تھے کہ عمران و قادری گٹھ جوڑ کے پیچھے دراصل پاک فوج اور آئی ایس آئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسی سیاستدان کو یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ سیاسی مفادات حاصل کرنے کیلئے کسی غیرسیاسی ادارے کا سہارا لے۔ عمران خان کی جانب سے بار بار ایمپائر کی انگلی اٹھنے کے بیان نے قوم کو تشویش میں مبتلا کیا ہوا تھا کہ آخر اس میچ کا ایمپائر کون ہے؟انہوں نے کہا کہ پاک فوج ملکی سلامتی کا سب اہم ادارہ ہے اور پوری قوم کے دل پاک فوج کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

قوم چاہتی ہے کہ پاک فوج اور اس کے تمام ذیلی ادارے آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ملکی سرحدوں کی حفاظت کے مقدس فریضے کو انجام دیتے رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم تبدیلی کی خواہاں ضرور ہے لیکن یہ تبدیلی کسی ماورائے آئین اقدام کے ذریعے نہیں آنی چاہئے اور محض چہرے تبدیل کرنے سے تبدیلی نہیں لائی جاسکتی۔انہوں نے کہا کہ حقیقی تبدیل تب آئے گی جب عوام کو بلاامتیاز تعلیم، صحت اور انصاف کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور ملک سے غربت، عدم مساوات، امتیازی سلوک اور بدعنوانی کا خاتمہ کیاجائے گا۔ آفتاب الدین قریشی نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ 6 ستمبر کو یوم دفاع سرکاری سطح پر جوش و خروش سے منا کر پاک فوج کے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :