جمشید دستی کی نا اہلی سے متعلق لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست سماعت کیلئے منظور

منگل 2 ستمبر 2014 18:12

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2ستمبر 2014ء) آزاد حیثیت سے منتخب ہونیوالے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی نا اہلی سے متعلق لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست سماعت کیلئے منظور کر لی گئی ۔ جمشید دستی کے حلقہ این اے 178کے مقامی رہائشی فاروق خان کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جمشید دستی نے 2008ء کاانتخابات جعلی ڈگری پر لڑا اور اسی بنیاد پر اسے نااہل بھی قرار دیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

وہ صادق اور امین نہیں مگر 2013ء کے عام انتخابات میں ریٹرننگ افسر نے اس اعتراض کو نظر انداز کیا جس کی وجہ سے جمشید دستی رکن قومی اسمبلی کا انتخاب جیت گئے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ جمشید دستی اپنے قول و فعل میں تضاد سے ثابت کر چکے ہیں کہ وہ آئین کے آرٹیکل 62اور 63کے معیار پرپورا نہیں اترتے لہٰذا بطور رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے۔معزز عدالت نے درخواست گزار کا موقف سننے کے بعد درخواست سماعت کے لئے منظور کر لی ۔