کراچی ، مختلف علاقون میں فائرنگ کے واقعات میں متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن اور کے الیکٹر ک کے ملازم سمیت دو ہلاک ،دو زخمی

منگل 2 ستمبر 2014 16:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 ستمبر۔2014ء) کراچی کے مختلف علاقون میں فائرنگ کے واقعات میں متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن اور کے الیکٹر ک کے ملازم سمیت دو ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی غوث پاک روڈ پر ٹارگٹ کلر نے بچوں کو اسکول چھوڑ کر جانے والے متحدہ کے کارکن کو فائرنگ کرکے قتل کردیا‘ زمان ٹاؤن پولیس کے مطابق کورنگی سیکٹر 50 اے مکان C184 کا رہائشی متحدہ کا کارکن 40 سالہ امان اللہ عرف راجہ ولد احمد اللہ اپنے بچوں کو موٹر سائیکل پر اسٹار ہائی انگلش اسکول چھوڑ کر واپس جارہا تھا کہ اسکول کے قریب ہی ٹارگٹ کلرز نے راجہ کو سر میں گولی مار کر ہلاک کردیا۔

پولیس نے مقتول کی جیب سے ملنے والے موبائل فون کی مدد سے اس کے اہل خانہ کو اطلاع دی‘ واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔

(جاری ہے)

بلدیہ ٹاؤن میں کے الیکٹرک گرڈ اسٹیشن کے باہر فائرنگ سے شبیر نامی ڈرائیور ہلاک ہوگیا۔ مقتول کی لاش عباسی شہید اسپتال لائی گئی تو اہلخانہ کے صبر کے بندھن ٹوٹ گئے۔ فائرنگ سے دو میٹر ریڈرعبید اور اشفاق زخمی بھی ہوئے۔ کے الیکٹرک کے ملازم نے میڈیا کو بتایا کہ ڈرائیور اور میٹر ریڈر ڈیوٹی پر آرہے تھے کہ نامعلوم افراد کی فائرنگ کا نشانہ بن گئے۔کے الیکٹرک انتظامیہ نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے، اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔