Live Updates

موجودہ سازش میں طاہر القادری، عمران خان، شیخ رشید، چوہدری برادران اور پرویز مشرف شامل ہیں ‘ وزیرریلوے سعد رفیق

منگل 2 ستمبر 2014 14:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 ستمبر۔2014ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ موجودہ سازش میں طاہر القادری، عمران خان، شیخ رشید، چوہدری برادران اور پرویز مشرف شامل ہیں ‘ مشکل صورتحال میں پارلیمانی جماعتیں متفق ہیں ‘ کوئی طاقت جموریت کا خاتمہ نہیں کرسکتا ہے ‘دنیا میں بہت جھوٹے دیکھے ‘ عمران جیسا انداز کسی کا نہیں ‘ طاہر القادری اور عمران خان پاکستان میں جنگل کا قانون نافذ کرنا چاہتے ہیں ‘غلیلیں اور کنچے لے کر آنے والے سیاسی کارکن نہیں ہوسکتے، مسلح ہوکر پرامن ہونے کا دعویٰ زیادہ دن برقرار نہیں رہ سکتا ‘عمران خان سر کے بل بھی کھڑے ہو جائیں تو نواز شریف استعفیٰ نہیں دینگے منگل کو پارلیمنٹ ہاوٴس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ جبر ، گالی اور ڈنڈا بردار جتھوں کے ذریعے جمہور کے فیصلے کو روندنے کی کوشش کی گئی تو ریاست میں جنگل کا قانون رائج ہوگا، طاہر القادری اور عمران خان پاکستان میں جنگل کا قانون نافذ کرنا چاہتے ہیں وہ جتنا چاہے زور لگالیں اس ملک کی پارلیمنٹ ان کی کوشش کو ناکام بنادیگی دارالحکومت کو فتح کرنے کے لئے آنے والے خود ہی مغلوب ہوں گے، غلیلیں اور کنچے لے کر آنے والے سیاسی کارکن نہیں ہوسکتے، مسلح ہوکر پرامن ہونے کا دعویٰ زیادہ دن برقرار نہیں رہ سکتا۔

(جاری ہے)

عمران خان سب کچھ ہوسکتے ہیں تاہم سیاست دان نہیں ہوسکتے، عمران خان سر کے بل بھی کھڑے ہوجائیں تو نواز شریف استعفیٰ نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی کارکن کی حیثیت سے وہ سمجھتے ہیں کہ سیاسی قائدین کو نفرت کے بیج نہیں بونے چاہئیں،عمران خان اور طاہر القادری نے اپنے کارکنوں میں نفرت اور زہر بھر دیا ہے، دونوں رہنماوٴں کی جانب سے پھیلائی گئی نفرت کا اثر بہت عرصے تک رہے گا ‘ سیاسی کارکن انہیں جمہوریت کے ڈاکہ زن قرار دیتے ہیں۔

سعد رفیق نے کہاکہ وفاقی دارالحکومت میں آج جو بھی ہورہا ہے وہ ایک سازش کا حصہ ہے اور اس میں طاہر القادری، عمران خان، شیخ رشید، چوہدری برادران اور پرویز مشرف شامل ہیں۔ عمران خان اب انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے مطالبے سے دستبردار ہو بھی جائیں تو حکومت اس کی تحقیقات کرائے گی کیونکہ اب یہ ان کا نہیں ہمارا مسئلہ بن گیا ہے۔ یہ کسی دھاندلی ہے جس کا کوئی ثبوت نہیں، جو جہاں سے جیتا ہے وہاں دھاندلی نہیں ہوئی اور جہاں سے ہارا ہے وہاں دھاندلی ہوئی ہے۔

افواج پاکستان آئین اور جمہوریت کے ساتھ ہے، اس وقت بھی مسلح افواج آئین، جمہوریت اور پارلیمنٹ کا تحفظ کررہی ہے اور عمران خان کہتے ہیں کہ امپائر کی انگلی اٹھنے والی ہے، کسی جمہوری شخص کو یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ ڈنڈے اٹھا کر دارالحکومت کو فتح کرنے پہنچ جائے۔ انہوں نے ملک میں جمہوریت کو ڈانواڈول کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے اپنی پارٹی میں پھوٹ ڈال دی ہے لیکن اپنی انا سے باز نہیں آتے۔

سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان بدقسمتی سے وزیراعظم ہوں اور ہم جتھا لے آئیں تو یہ کس طرح چلیں گے،لشکر کشی کا اصول مان لیاگیا توپاکستان میں کوئی آئین وقانون باقی نہیں رہے گا۔ سعد رفیق نے کہا کہ ہم نے بھی ساری زندگی پولیس کا مقابلہ کیا تاہم ڈنڈوں کے بغیر،حکومت ملک میں جنگل کا قانون نافذ کرنے کی مخالفت کرے گی،پارلیمنٹ کے ارکان یہ قانون نافذ نہیں ہونے دیں گے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات