کافی اور قیلولہ، تھکاوٹ دور کرنے میں معاون ہے، تحقیق

منگل 2 ستمبر 2014 13:57

کافی اور قیلولہ، تھکاوٹ دور کرنے میں معاون ہے، تحقیق

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 ستمبر۔2014ء)برطانیہ اور جاپان میں سائنسدانوں کی جانب سے کیے گئے تجربات کے ایک سلسلے میں معلوم ہوا ہے کہ اگر کافی پینے کے بعد مختصر دورانیے کی نیند بھی کی جائے تو دماغی استعداد بڑھانا ممکن ہو سکتا ہے۔برطانیہ میں لوبورو یونیورسٹی کے سائنسدانوں کے مطابق ایسے افراد جو تھکاوٹ کا شکار تھے اور جنہوں نے تھکن اتارنے کے لیے کافی کا ایک کپ پینے کے فوراً بعد 15 منٹ کی نیند لی، ان لوگوں کی نسبت کہیں چاق و چوبند تھے جنہوں نے یا تو صرف کافی پی تھی یا پھر قیلولہ کیا تھا۔

ماہرین کہتے ہیں کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ کافی میں پائے جانے والی کیفین اعصاب کو کنٹرول کرنے والے نظام ’ایڈینوسین‘ پر اثرانداز ہوتی ہے جس کی وجہ سے تھکاوٹ ختم ہوتی ہے اور انسان زیادہ چاق و چوبند محسوس کرتا ہے۔

(جاری ہے)

زندگی کے روزمرہ امور میں دماغ میں ایڈینوسین کا درجہ بڑھتا جاتا ہے، جس کی وجہ سے ہم تھکاوٹ محسوس کرتے ہیں۔ کافی سے دماغ میں ایڈینوسین کم کرنے میں مدد ملتی ہے، جبکہ نیند ایڈینوسین کو دماغ سے ختم کر دیتی ہے۔

تحقیق کے مطابق، کیفین کو دماغ سے ایڈینوسین کا لیول کم کرنے میں تقریباً 20 منٹ لگتے ہیں، جبکہ اسی دوران، نیند لینے سے ایڈینوسین کے اثر کو پوری طرح زائل کرنے میں مدد ملتی ہے۔سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ جو لوگ کافی پینے کے بعد مختصر آرام کرنا چاہتے ہیں، انہیں چاہیئے کہ وہ کافی جلدی پیئیں اور جلدی سو جائیں اور نیند کا یہ دورانیہ 20 منٹ سے زیادہ نہیں ہونا چاہیئے۔