پی ٹی وی پر حملے سے آدھ گھنٹہ پہلے باریش شخص نے آکر بتایا تیار ہو جاؤ ‘ہم کچھ دیر میں آرہے ہیں ‘ سکیورٹی عہدیدار

منگل 2 ستمبر 2014 13:41

پی ٹی وی پر حملے سے آدھ گھنٹہ پہلے باریش شخص نے آکر بتایا تیار ہو جاؤ ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 ستمبر۔2014ء)پی ٹی وی ہیڈکوارٹرز میں تعینات سیکیورٹی عہدیدار نے انکشاف کیا ہے کہ حملے سے آدھ گھنٹہ پہلے باریش شخص نے آکر بتایا تیار ہو جاؤ ‘ہم کچھ دیر میں آرہے ہیں ۔نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی وی ہیڈکوارٹرز میں تعینات ایک سیکیورٹی عہدیدار نے بتایا کہ سٹیشن پر ہجوم کے دھاوے سے لگ بھگ آدھے گھنٹے پہلے یعنی صبح کے ساڑھے نو بجے ایک باریش شخص عمارت کے مرکزی داخلے سے ملحق سیکیورٹی روم تک آیا اور دھمکی دی۔

عہدیدار نے بتایا کہ اس شخص نے کہا تیار ہوجاؤ ‘ ہم کچھ دیر میں یہاں آرہے ہیں۔عہدیدار نے کہاکہ میرا خیال تھا کہ وہ دھرنوں میں شریک کوئی پرجوش کارکن ہے جو ہمیں ہراساں کرنے کی کوشش کررہا ہے، تاہم دس بجے کے فوری بعد سینکڑوں مظاہرین نے عمارت کی جانب دھاوا بولا تو مجھے اپنا خیال بدلنا پڑا۔

(جاری ہے)

سٹیشن کی عمارت میں داخل ہونے کے بعد لوگوں کے ایک گروپ نے سیدھا ماسٹر کنٹرول روم کا رخ کیا اور ٹیکنیکشنز کو کہا کہ وہ سب سے پہلے وہ نیوز ٹکرز ہٹائیں جن میں بتایا جارہا تھا کہ جو مظاہرین کے سرکاری ٹی وی پر قبضے کے حوالے سے ہیں۔

اس کے بعد ان افراد جن کا تعلق پی ٹی آئی اور پی اے ٹی دونوں سے لگتا تھا نے نشریات روک دینے کا مطالبہ کیا۔ماسٹر کنٹرول روم کے ایک ٹیکنیشن نے بتایا کہ کوئی اناڑی شخص نشریات کی تکنیکی چیزوں کو سمجھ نہیں سکتا، مگر وہ لوگ بخوبی جانتے تھے کہ وہ کیا کررہے ہیں، بلکہ حیرت انگیز بات یہ بھی ہے کہ انہوں نے اتنی آسانی سے کنٹرول روم کو تلاش کیسے کرلیا۔ٹیکنیشن نے بتایا کہ پی ٹی وی کی نشریات روکنے کے یقینی بنانے کے لیے ان افراد نے عملے کو کہا کہ وہ سیٹلائٹ اپ لنک کو ناکارہ بنادیں، جبکہ اپ لنک اور ڈاؤن لنک مانیٹرز کو ایکٹو رکھیں۔