Live Updates

جاوید ہاشمی کے الزامات تحریک انصاف کا اندرونی معاملہ ہے ‘ فوج کو سیاسی معاملات میں نہ گھسیٹا جائے ‘ وزیر دفاع

منگل 2 ستمبر 2014 13:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 ستمبر۔2014ء) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جاوید ہاشمی کے الزامات تحریک انصاف کا اندرونی معاملہ ہے اور فوج کو سیاسی معاملات میں نہ گھسیٹا جائے۔ایک انٹرویو میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ جاوید ہاشمی کے الزامات تحریک انصاف کا اندرونی معاملہ ہے ‘فوج نے اپنے بیان میں جمہوریت کی حمایت کا اعادہ کیا ہے جس کے بعد اسے سیاسی معاملات میں نہ گھسیٹا جائے۔

انہوں نے کہا کہ شاہراہ دستور پر ڈرامہ لگایا گیا ہے جب کہ عمران خان کے بیان صبح کچھ اور شام کو کچھ ہوتے ہیں۔خواجہ آصف نے کہاکہ ہمیں اپنے معاملات خود سیاسی بصیرت سے حل کرنے چاہئیں ایک سوا ل کے جواب میں انہوں نے کہاکہ حکومت نے فوج کو آرٹیکل 245 کے تحت اسلام آباد میں طلب کیا اور حکومت آرٹیکل 245 کی حدود سے تجاوز نہیں کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف کے مستعفی ہونے اور فوج کی بغاوت کاکوئی امکان نہیں، فوج نے جمہوریت کی حمایت کی ‘ فوج کی جانب سے جمہوریت کی حمایت اطمینان بخش اوراچھااقدام ہے، ذاتی طورپرسمجھتاہوں کہ چندگھنٹوں میں آئندہ کی صورتحال کاتعین ہوگا۔

خواجہ آصف نے کہاکہ ہماری کوشش ہوگی کہ انتہائی محتاط رہیں،صورتحال بگڑنے نہ دیں، حکومتی رٹ پوری قوت سے قائم ہونی چاہیے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات