سیاسی معاملات میں فوج سے مدد حاصل کرنے کی کوشش نہیں کریں گے ‘عمران خان

منگل 2 ستمبر 2014 13:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 ستمبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ سیاسی معاملات میں فوج سے مدد حاصل کرنے کی کوشش نہیں کریں گے۔ایک بیان میں تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ انہوں نے انصاف اور جمہوریت کیلئے 18 سال جدوجہد کی ہے اور سیاسی مستقبل میں کسی کے سہارے کی ضرورت نہیں ہے۔عمران خان نے کہاکہ وہ ہمیشہ حقیقی جمہوری اصولوں پر قائم رہے اور عام عوام کے حقوق کیلئے جنگ لڑتے رہے۔

عمران خان نے کہاکہ وہ آزادی مارچ کے ذریعے کسی قسم کا غیر آئینی اور غیر قانونی کام نہیں کریں گے۔آزادی مارچ کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میرا مشن یہ ہے کہ ظلم کا نظام ختم کروں تاہم عوام جب تک ظلم کے خلاف بلند نہیں کریں گے وہ ظالموں کو شکست نہیں دیں سکیں گے، عوام چپ کرکے بھیڑبکریوں کی طرح ظلم برداشت نہ کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ظلم کے خلاف کھڑا ہونا جہاد ہے، اسمبلیوں میں زیادہ تر جھوٹے لوگ ہیں، جو اپنے جرم چھپانے کے لیے جمہوریت بچانے کے نام پر جمع ہوجاتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ شریف خاندان عوام کو جانوروں کی طرح رکھے گا، لوگ بھوکے مررہے ہیں حکمرانوں کو کوئی فکر نہیں، مگر آزادی مارچ سے انہیں فرق پڑا ہے اور اٹھارہ دنوں میں پاکستانی عوام میں تبدیلی آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کرپٹ نظام کی وجہ سے بیرون ملک مقیم پاکستانی سرمایہ نہیں لاتے، ہم نے نظام ٹھیک کرلیا تو بیرون ملک مقیم پاکستانی سرمایہ، صلاحیت اور ٹیکنالوجی لاکر ملک کو ترقی دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ پولیس کا نیا نظام بنانا چاہئے قانون کی بالادستی قائم ہونی چاہئے، تاہم نظام ٹھیک کیے بغیر مسائل حل نہیں ہوسکتے۔عمران خان نے کہا کہ وہ جیل جانے کیلئے تیار ہیں، مگر مجھے وہ لوگ جیل میں ڈالنا چاہتے ہیں جنھوں نے ہر طرح کے جرم کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرے لیے اس ڈربے میں انیس دن گزارنا مشکل ترین کام تھا، مگر آزادی کے لیے قربانیاں دینا پڑتی ہیں،ہمیں فخر ہے کہ پاکستان میں سب سے زیادہ تعلیم پر بجٹ ہم نے خیبرپختونخوا میں اٹھائیس فیصد رکھا ہے۔

عمران خان نے کہاکہ حکمران آپ کا خون چوس رہے ہیں، 70 فیصد ارکان اسمبلی ٹیکس نہیں دیتے اور عوام کے پیسوں سے اپنا سرمایہ بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ پارلیمنٹ نے آمر سے زیادہ جمہوریت کو نقصان پہنچایا کیونکہ حقیقی جمہوریت میں لوگ بھوکے نہیں مرتے اور عوام کو احتجاج کی آزادی ہوتی ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ نواز شریف نے ملک میں جتنی تباہی کی ہے اتنی آصف زرداری نے بھی نہیں کی، نواز شریف نے ملک کے ادارے تباہ کردیئے، پولیس میں گلو بٹوں کر بھرتی کیا، نواز شریف نے لوگوں کے ضمیروں کو خریدا اور ان میں پلاٹ تقسیم کئے اور اب فوج کو بدنام کیا جارہا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ مجھ پر امپائر کے ساتھ مل کر کھیلنے کا الزام لگایا گیا اور کہا گیا کہ چیف جسٹس ناصر الملک میرے ساتھ ہیں حالانکہ میں ان سے آج تک صرف ایک دفعہ ملا ہوں تاہم ان الزامات کے باوجود میں ہار ماننے والا نہیں اور نہ ہی مجھے کسی کا خوف ہے کیونکہ عزت اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان کے قومی ادارے تباہ کردیئے، وہ فوج کو بھی بدنام کرنے کی کررہے ہیں، جاوید ہاشمی عدلیہ اور فوج کو بدنام کررہے ہیں تاہم نظام ٹھیک کیے بغیر مسائل حل نہیں ہوسکتے۔

متعلقہ عنوان :