Live Updates

پی ٹی آئی اور عوامی تحریک کے خلاف مزید مقدمات درج

منگل 2 ستمبر 2014 12:50

پی ٹی آئی اور عوامی تحریک کے خلاف مزید مقدمات درج

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2ستمبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کے خلاف پاکستان ٹیلی ویژن نیٹ ورک کی عمارت پر حملے سمیت تین مزید مقدمے درج کر لیے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پی ٹی وی کی عمارت پر حملے اور قبضے کا مقدمہ عمران خان اور طاہر القادری کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں درج کر لیا گیا ہے ۔

سرکاری ٹی وی پر حملے کا مقدمہ نمبر 183 ہے جس میں پی ٹی وی حملے اور قبضے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ تحریک انصاف کے سینئر رہنماﺅں شاہ محمود قریشی، عارف علوی، جہانگیر ترین، اسد عمر، شیریں مزاری اور شفقت محمود کے خلاف خیبر پختونخوا اسمبلی کے ایم پی اے افتخار مشوانی کو فرار کرانے کا مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے رہنما اپنے کارکنوں کے ہمراہ تھانہ سیکرٹریٹ میں آئے اورممبر صوبا ئی اسمبلی کو ملاقات کے لئے بلوایا جس کے بعد کسی کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے انھیں چھڑوا کرلے گئے ،جب پولیس باہر نکلی تو تحریک انصاف کے کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے جس کی وجہ سے پولیس کسی قسم کی کارروائی نہ کر سکی تھی۔

(جاری ہے)

ایک اور مقدمے میں سپریم کورٹ کے جج جسٹس ثاقب نثار کی گاڑی پر پتھراﺅ کرنے کے خلاف درج کیا گیا جس میں عوامی تحریک اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کو نامزد کیا گیا، مقدمے کا نمبر 405ہے ۔اس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے مرکزی قائدین کے خلاف اب تک 9ایف آئی آر درج کی جا چکی ہیں جن میں سے 2 ایف آئی آر تھانہ سیکرٹریٹ ، 3 تھانہ کوہسار میں ،2 تھانہ مارگلہ اور ایک تھانہ آبپارہ میں درج کی جا چکی ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنوں نے پی ٹی وی کی عمارت میں گھس کر توڑ پھوڑ کی اور عمارت پر قبضے کے بعد پی ٹی وی ورلڈ اور پی ٹی وی نیوز کی نشریات بند کرا دی گئیں، پاک فوج کے جوانوں کے آنے کے بعد مظاہرین پر امن طور پر عمارت سے باہر نکل آئے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :