موجودہ حالات میں پاک افواج کو کسی بھی صور ت متنازعہ بنانے کی کوشش نہ کی جائے،گورنرسندھ

منگل 2 ستمبر 2014 12:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 ستمبر۔2014ء)گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے اپیل کی ہے کہ موجودہ حالات میں پاک افواج کو کسی بھی صور ت متنازعہ بنانے کی کوشش نہ کی جائے سیاسی اختلاف کا حل باہمی طور پر ہی نکالا جاسکتا ہے اس وقت وطن عزیز اندرونی اور بیرونی مشکلا ت میں گھرا ہوا ہے موجودہ حالات ہم سے تقاضہ کرتے ہیں کہ ہمیں پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لئے ایک سوچ رکھنا ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے وطن عزیز کو محفوظ بنانے کے لئے پاک افواج لا زوال قربانیاں دے رہی ہے یہ ایک طویل جنگ ہے جس کے لئے پاک افواج کو پوری قوم کی مکمل حمایت حاصل ہے سیاسی رہنما ء باہمی اختلا فات کے درمیان سرحدوں کے محافظوں کو ہدف تنقید ہر گز ہرگز نہ بنائیں یہ ہمارے باہمی اختلافات ہیں جو آج نہیں تو کل حل ہوجائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماضی گواہ ہے کہ کوئی بھی فوج اپنی عوام کی حمایت کے بغیر دشمن کے خلاف مو ئثر کارروائی میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے عوام کی بھرپور حمایت سے ہی اپنی افواج سے مثالی کا رکردگی کی توقع ممکن ہے ماضی کو مد نظر رکھتے ہوئے ہمیں ایسا فیصلہ کرنا ہوگا جو ہماری آئندہ نسلوں کو محفوظ بنا سکے ۔

گورنر سندھ نے کہا ہے کہ کسی بھی قوم کو کمزور کرنا ہو تو پہلے اس قوم کی یکجہتی کی علامت کو متنازعہ بنایا جاتا ہے پاک افواج وطن عزیز کی یکجہتی ، استحکام اور دفاع کی ضامن ہے اسے متنازعہ بناناملک و قوم کو کمزور کرنے کے متردف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ نہیں بھلا نا چاہئے کہ پاک فوج حالت جنگ میں ہے اور وہ اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر ملک کی سرحدوں کو محفوظ بنا رہے ہیں پوری قوم پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔