Live Updates

تحریک انصاف سے براہ راست یا بالواسطہ کوئی رابطہ نہیں، چیف جسٹس آف پاکستان

منگل 2 ستمبر 2014 11:43

تحریک انصاف سے براہ راست یا بالواسطہ کوئی رابطہ نہیں، چیف جسٹس آف پاکستان

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2ستمبر 2014ء) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ناصر الملک نے تحریک انصاف سے بالواسطہ یا بلاواسطہ رابطے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں۔ ممکنہ غیر آئینی اقدامات اور دھرنوں کے خلاف متفرق درخواستوں کی سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ناصر الملک نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ان کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں، نہ ہی ان کا کسی جماعت سے براہ راست یا بالواسطہ کوئی رابطہ ہے۔

(جاری ہے)

وہ عمران خان سے زندگی میں ایک بار ملے ہیں، یہ ملاقات اس وقت ہوئی تھی جب وہ قائم مقام چیف الیکشن کمیشن تھے، اس ملاقات میں حامد خان سمیت تحریک انصاف کے دو رہنما بھی شریک تھے، اس ملاقات میں خیبرپختونخوا میں الیکٹرانک ووٹنگ سمیت دیگرانتخابی معاملات پر بات ہوئی تھی۔ اس کے بعد وہ کبھی ان سے نہیں ملے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا تھا کہ عمران خان نے ایک مرتبہ انہیں کہا تھا کہ جسٹس تصدق حسین جیلانی کے بعد آنے والے چیف جسٹس ہمارے اپنے ہیں ان سے طے ہوچکا ہے کہ وہ اس حکومت کو فارغ کردیں گے اور ان کے حکم پر ستمبر میں انتخابات ہوں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات