وزیراعلیٰ پنجاب کی کمیٹی برائے کفایت شعاری کو کام جاری رکھنے کی ہدایت،

سرکاری محکمے خریداری پلان بروقت تیار کریں ‘ غیرضروری اخراجات پر کفایت شعاری سے قابو پایا جا سکتا ہے

پیر 1 ستمبر 2014 22:52

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1ستمبر۔2014ء) :وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اخراجات میں کمی‘ محکموں کو اپنی ضروریات کے مطابق ضروری اشیاء کی خریداری کے حوالے سے کفایت شعاری کمیٹی کو وزیرخزانہ کی سربراہی میں اپنا کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعلیٰ نے مزیدہدایت کی کہ محکمے خریداری پلان بروقت تیار کریں اور خریداری کی ضروریات کے لئے فنڈز کی تقسیم کے عدم تناسب کودور کرنے کے عمل کو آسان بنایا جائے اور اس ضمن میں کفایت شعاری کمیٹی کے ہفتہ وار اجلاس سے خریداری کا عمل بہتر ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں کی طرف سے غیرضروری اخراجات اور خریداریوں کو کفایت شعاری سے نہ صرف قابو میں لایا جا سکتا ہے بلکہ اداروں کو ان کی ضروریات کی فہرست کو منطقی طور پر مرتب کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اداروں کو خریداری کے منصوبوں اور اوقات کارکو محکمہ خزانہ کے علم میں لانا چاہیے تاکہ محکمہ خزانہ اس کے مطابق ہر محکمے کی خریداری میں مطابقت پیدا کر سکے۔واضح رہے کہ پنجاب میں سرکاری محکموں کے اخراجات میں کمی کے لئے کفایت شعاری کمیٹی گزشتہ کئی برس سے کام کر رہی ہے۔ نئی کاروں کی خریداری‘ دفاتر کی تزئین و آرائش سمیت دیگر غیرضروری اخراجات پر پابندی عائد ہے۔

متعلقہ عنوان :