فوج یا آئی ایس آئی موجودہ سیاسی بحران کی پشت پناہی نہیں کر رہی ،آئی ایس پی آر،

فوج ایک غیر سیاسی ادارہ ہے جو مختلف مواقع پر جمہوریت کی غیر متزلزل حمایت کا اظہار کرچکی ہے،ترجمان کابیان

پیر 1 ستمبر 2014 22:29

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1ستمبر۔2014ء) پاک فوج کے محکمہ اطلاعات عامہ آئی ایس پی آر نے ان الزامات کو واضح طور پر مسترد کردیا ہے کہ فوج یا آئی ایس آئی تحریک انصاف اور عوامی تحریک کی موجودہ سیاسی بحران میں پشت پناہی کررہی ہے ۔

(جاری ہے)

پیر کو جاری ہونے والے ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ فوج ایک غیر سیاسی ادارہ ہے جو مختلف مواقع پر جمہوریت کی غیر متزلزل حمایت کا اظہار کرچکی ہے ۔

ترجمان نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ فوج کو ان تنازعات میں گھسیٹا جا رہا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ فوج کی سالمیت اور اتحاد ہی اس کی قوت ہے جس پر اسے فخر ہے ۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جبکہ تحریک انصاف کے صدر جاوید ہاشمی نے سنگین الزامات لگائے ہیں کہ عمران خان کو موجودہ صورتحال کیلئے فوج یا آئی ایس آئی کی حمایت حاصل ہے.