Live Updates

پی ٹی وی پر حملے کی مذمت عمران خان اور طاہر القادری خود کو بری الذمہ قرار نہیں دے سکتے ،پرویزرشید

عمران خان اور طاہر القادری نے اپنے کارکنوں کو احتجاج پر اکسایا ،وزیر اطلاعات کا بیان

پیر 1 ستمبر 2014 22:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1ستمبر۔2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے پی ٹی وی کی عمارت پر حملہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جارحیت اور تشدد کی کارروائی ہے۔ پیر کو یہاں اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری خود کو اس لاقانونیت سے بری الذمہ قرار نہیں دے سکتے کیونکہ ان کے کارکنوں نے وہ کچھ کیا جس کے لئے یہ دونوں رہنما اپنی تقاریر میں انہیں گزشتہ 17 دن سے اکسا رہے تھے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے قومی ٹیلی ویژن نیٹ ورک پر حملہ نہ صرف قابل افسوس ہے بلکہ یہ مکمل طور پر بربریت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اثاثے کے لئے ایک ایسا خطرہ پیدا کرنا اور نقصان پہنچانا مکمل طور پر بلا جواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری نے اپنے کارکنوں کو احتجاج پر اکسایا اور انہیں تشدد کے لئے اشتعال دلایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں رہنما اس کارروائی کے ذمہ دار ہیں جنہیں قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔ وہ بہادری کا دعویٰ کرتے ہیں تاہم تشدد اور دہشت کی کارروائی کی ذمہ داری قبول نہ کر کے بزدلی دکھا رہے ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات