وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس،رحمان ملک نے مصالحت کیلئے قومی جرگہ کی تجویز دیدی،

آپ اس کے سربراہ بن جائیں، ارکان کی تجویز، رحمان ملک کاانکار،خورشید شاہ نے بھی معذرت کرلی، جرگے کی سربراہی کیلئے سراج الحق انتہائی موزوں ہیں،اندرونی ذرائع

پیر 1 ستمبر 2014 21:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1ستمبر۔2014ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی زیر صدارت پارلیمانی سربراہوں کے اجلاس میں سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے اس معاملے کے حل کیلئے قومی جرگے کی تجویز پیش کردی جس سے تمام حاضرین نے اتفاق کیا اور بعض نے کہا کہ اس کا سربراہ رحمان ملک کو ہی بنا دیا جائے تاہم رحمان ملک نے اس سے انکار کردیا جس پر یہ تجویز دی گئی کہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کو قومی جرگے کا سربراہ بنایا جائے مگر خورشید شاہ نے یہ کہتے ہوئے معذرت کرلی کہ عمران خان کا ان کے بارے میں رویہ انتہائی سخت ہے اور وہ ان کے بارے میں نازیبا الفاظ تک استعمال کرچکے ہیں اس لئے وہ جرگے کے سربراہ کی حیثیت سے ان کے پاس نہیں جاسکتے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ اس معاملے پر باہمی صلاح مشورے سے فیصلہ کیاجائے اور تمام سیاسی رہنماؤں نے مختلف ناموں پر غور شروع کردیا ہے جبکہ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ جرگے کی سربراہی کیلئے سراج الحق انتہائی موزوں ہیں جنہیں تمام فریق عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اس لئے توقع ہے کہ انہیں ہی اس کا سربراہ بنا دیاجائے گااور اس حوالہ سے جلد فیصلہ کا امکان ہے۔۔