پارلیمنٹ جمہوریت کی ماں ہے اور ماں پر حملہ کرنے والا قومی مجرم ہے‘ عابد شیر علی،

فوج کی جانب سے وزیراعظم پر استعفیٰ کیلئے دباؤ ڈالنے کی خبر جھوٹی اور بے بنیاد ہیں ، دھرنے والوں کے ساتھ مذاکرات کے دروازے آج بھی کھلے ہیں،میڈیا سے گفتگو

پیر 1 ستمبر 2014 21:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1ستمبر۔2014ء) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ جمہوریت کی ماں ہے اور ماں پر حملہ کرنے والا قومی مجرم ہے‘ فوج کی جانب سے وزیراعظم پر استعفیٰ کیلئے دباؤ ڈالنے کی خبر جھوٹی اور بے بنیاد ہیں دھرنے والوں کے ساتھ مذاکرات کے دروازے آج بھی کھلے ہیں۔پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری کی تمام آئینی مطالبات مان لئے گئے ہیں لیکن پھر وہ چند ہزار افراد کو لے کر پارلیمنٹ پر حملہ آور ہوئے اور پاکستان ٹیلی وژن پر بھی حملہ کرنے والے قومی مجرم ہیں اور حملہ کروانے والوں کے خلاف مقدمہ درج ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بغیر تصدیق کے فوج کی جانب سے وزیراعظم پر استعفیٰ کا دباؤ ڈالنے یا چھٹی پر جانے کی خبریں بے بنیاد ہیں اور جھوٹی ہیں انہوں نے سختی سے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور ایسی خبروں کو نہیں چلانا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری کی طرف سے انتشار پھیلایا جارہا ہے پارلیمنٹ اور مظاہرین میں صرف سو فٹ کا فاصلہ رہ گیا ہے‘ یہ عمارت قومی اثاثہ ہیں اور ہم پر ان کا احترام لازم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ریاست کے لوگوں کی ماں ہے اور ماں پر حملہ کرنا جرم عظیم ہے ‘ اس جرم کے تحت مجرموں کو قرار واقعی سزا دینی چاہیے انہوں نے کہا کہ حساس عمارتوں سے دور رہنا چاہیے اور ریاست کا احترام کرنا چاہیے،میڈیا کے ورکروں پر حملے کی پر زور مذمت کرتا ہوں تاہم خواجہ سعد رفیق اور پرویز رشید خود ان ورکروں سے معافی مانگنے گئے تھے اور ان پر تشدد کرینو الوں کو ضرور سزا ملے گی، جمہوریت کے حقدار عورتوں اور بچوں کو ڈھال کے طورپر استعمال کررہے ہیں۔۔۔