احتجاج کرنیوالے پر کیمیکل ویپن، رائفل بلٹ اور بارہ بور کا بے دریغ استعمال حکومتی نااہلی ہے: چودھری پرویزالٰہی

پیر 1 ستمبر 2014 21:01

اسلام آباد/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1ستمبر۔2014ء ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم سینیٹر چودھری شجاعت حسین اور سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی سے آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار عتیق نے وفد کے ہمراہ ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر کے وفد میں راجہ محمد یٰسین خان، سردار عبدالرزاق، سردار صغیر چغتائی، حاجی محمد عزیز خان، سردار بابر ایڈووکیٹ اور عاصم عباسی شامل تھے۔

ملاقات میں سینیٹر کامل علی آغا، طارق بشیر چیمہ ایم این اے، چودھری ظہیر الدین اور ڈاکٹر عظیم الدین لکھوی بھی موجود تھے۔ چودھری شجاعت حسین نے وفد کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کی مثال نہیں ملتی، پچھلے سترہ دن سے پرامن احتجاج کرنے والوں پر آنسو گیس، کیمیکل ویپن، رائفل بلٹ اور بارہ بور کا بے دریغ استعمال حکومت کی نا اہلی ہے، انقلاب مارچ اپنا مقصد حل کر چکا ہے نوازشریف کو چاہئے کہ وہ بے گناہوں کے خون سے اپنے ہاتھ مزید رنگنے کی بجائے استعفیٰ دے دیں، ان کا استعفیٰ ہی موجودہ بحران کا حل ہے، عورتوں، بچوں اور بزرگوں کو سیدھی گولیاں ماری جا رہی ہیں جبکہ ہسپتالوں میں زخمیوں اور ڈیڈ باڈیز کو نامعلوم مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے، حکومت اپنے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آئے، عوام کا یہ سمندر حکومتی ظلم سے نجات اور آزادی حاصل کر کے رہے گا۔

متعلقہ عنوان :