Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کاپی ٹی وی پر حملے کرنے والوں سے اظہار لاتعلقی

پیر 1 ستمبر 2014 20:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1ستمبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف نے پاکستان ٹیلی ویژن کی عمارت پر حملے کرنے والوں سے مکمل لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور حملے میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری نے اسلام آباد سے جاری اپنے مشترکہ بیان میں واقعے پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ تحریک انصاف پرامن اور جمہوری انداز میں احتجاج پر یقین رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق تحریک انصاف نے گزشتہ 18روز سے جاری احتجاج سے ثابت کیا ہے کہ اس کے کارکنان آئین و قانون کا بہترین شعور رکھتے ہیں اور انتہائی کامیابی سے آئین و قانون کے دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے ملکی تاریخ کی سب سے بڑی احتجاجی تحریک جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ تحریک انصاف مقاصد کے حصول تک اپنی تحریک جاری رکھے گی تاہم توڑ پھوڑ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا ہمارا شیوہ نہیں۔ ہم سرکاری ٹیلی ویژن کی عمارت پر حملے کی نہ صرف مذمت کرتے ہیں بلکہ واقعے میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری اور ان کیلئے سخت سزا کا بھی مطالبہ کرتے ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات