Live Updates

تحریک انصاف ون مین شو بن چکی ہے ، شیخ رشید نے ہماری پارٹی پر قبضہ کر لیا ہے، ناصر خان خٹک ،مسرت زیب ،

عمران خان اپنے ارکان سے پوچھنے کی بجائے دوسروں کے اشارے پر چل رہے ہیں، خصوصی بات چیت

پیر 1 ستمبر 2014 20:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1ستمبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی ناصر خان خٹک اور مسرت زیب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ون مین شو بن چکی ہے ، شیخ رشید نے ہماری پارٹی پر قبضہ کر لیا ہے اور عمران خان اپنے ارکان سے پوچھنے کی بجائے دوسروں کے اشارے پر چل رہے ہیں ۔ پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے بعد اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔

1ستمبر۔2014ء سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے ناصر خان خٹک نے کہا کہ یہ عجیب سی کہانی ہے کہ تحریک انصاف قومی اسمبلی ، پنجاب اور سندھ کی اسمبلیوں سے استعفے دے رہی ہے اور کے پی کے سے استعفے نہیں دیئے جا رہے ، کے پی کے میں تحریک انصاف کا سپیکر اپنا ہے وہاں استعفے کیوں نہیں لئے جاتے اس سوال پر کہ تحریک انصاف کے کتنے لوگوں نے استعفے نہیں دیئے ؟ ناصر خٹک نے کہا کہ یہ وقت بتائے گا کہ کتنے لوگوں نے استعفے نہیں دیئے ، یہ آمریت نہیں تو اور کیا ہے کہ ارکان اسمبلی کو کہا جاتا ہے کہ استعفوں پر دستخط کرو ہم ایسا نہیں کر سکتے ہمارا اختلاف اصولی ہے کہ اگر استعفے دینے ہیں تو تمام اسمبلیوں سے دیئے جائیں ، مسرت زیب نے کہا کہ ہم اسمبلیوں میں بیٹھے ہیں اور یہ مسائل ایوان میں بھی حل کر سکتے ہیں سڑکوں پر آنے کی کوئی ضرورت نہیں جو بھی مسائل ہیں بات چیت کے ذریعے حل ہو سکتے ہیں ، ناصر خٹک نے کہا کہ طاہر القادری کینڈین شہری ہے میں اسے نہیں جانتا عمران خان کیوں اسکی بات مان رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ شیخ رشید نے ہماری پارٹی پر قبضہ کر لیا ہے ۔

(جاری ہے)

عمران خان ہم سے پوچھتے نہیں اور شیخ رشید کی ہدایت پر عمل کرتے ہیں ۔ مسرت زیب نے کہا کہ عوام کو سول نافرمانی کی کال دی جاتی ہے یہ کیسی جمہوریت ہے کہ حکومتی املاک پر حملے کرو ۔ ایک سوال کے جواب میں ناصر خٹک نے کہا کہ تحریک انصاف میں کوئی فاروڈ بلاک نہیں بن رہا ہم صرف حق کی بات کر رہے ہیں یہ ہماری پارٹی ہے اس میں آمریت نہیں چل سکتی ۔ ملک میں آئین موجود ہے اس آئین کو بنانے میں بے پناہ قربانیاں دی گئی ہیں اس آئین سے پہلے ملک کو ایوب خان ایک دکاندار کی طرح چلا رہے تھے انہوں نے کہا کہ یہ دوہرا معیار ہے کہ دیگر صوبوں کے ارکان اسمبلی استعفے دیں اور جہاں پر تحریک انصاف کی حکومت ہے وہاں سے استعفیٰ نہ دیں ۔

مسرت زیب نے کہا کہ کیا خیبر پختونخوا میں گڈ گورننس ہے وہاں دودھ کی نہریں بہہ رہی ہیں ہمیں صرف اتنا بتا دیا جائے انہوں نے کہا کہ ہمیں پارٹی اجلاسوں میں نہیں بلایا جاتا نہ ہی کسی فیصلے میں شریک کیا جاتا ہے ہماری کوئی حیثیت نہیں ہے تحریک انصاف ون مین شو ہے ہم اس آمریت کو نہیں مانتے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات