Live Updates

آمر سے زیادہ موجودہ پارلیمنٹ نے جمہوریت کو نقصان پہنچایا: عمران خان

پیر 1 ستمبر 2014 20:28

آمر سے زیادہ موجودہ پارلیمنٹ نے جمہوریت کو نقصان پہنچایا: عمران خان

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1ستمبر۔2014ء) عمران خان کہتے ہیں کہ پاکستانیوں کو اکٹھا کرنا ہمارا مقصد ہے، جمہوریت کو آمر سے زیادہ پارلیمنٹ نے نقصان پہنچایا، ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے، نواز شریف الوداع! امپائر کی انگلی اوپر جانے والی ہے، کل یا پرسوں، نواز شریف آپ کا وقت ختم ہوگیا۔اسلام آباد میں شاہراہ دستور پر دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ یہ صرف مظاہرہ نہیں بلکہ ہم قوم بنارہے ہیں، پاکستانیوں کو اکٹھا کرنا ہمارا مقصد ہے، قوم کو تقسیم کرکے ووٹ نہیں لینا چاہتے، جمہوریت کو موجودہ پارلیمنٹ نے آمریت سے زیادہ نقصان پہنچایا، جمہوریت میں پیسہ عوام کیلئے خرچ ہوتا ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ یورپ میں جانوروں کے بھی پاکستانی عوام سے زیادہ حقوق ہیں، پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بناؤں گا، پاکستان میں غریب کا بچہ آگے نہیں بڑھ سکتا، نئے پاکستان میں سب سے پہلے تعلیم کا نظام ٹھیک کرنا ہے، غریبوں کو لیگل ایڈ بھی فراہم کرنا ہوتا ہے، صرف الیکشن کرانے سے جمہوریت نہیں آتی۔

(جاری ہے)

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہماری جدوجہد عوام کو بااختیار بنانے کیلئے ہے، شریف خاندان برطانیہ میں بڑے سرمایہ کاروں میں سے ہے، میرے پاس بے نام جائیدادیں نہیں، خوش قسمت پاکستانی ہوں، جسے اقتدار سے پہلے شہرت مل گئی، ہمیں نیا سورج طلوع ہوتا نظر آرہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پولیس نے گرفتار کارکنوں کو نہ چھوڑا تو صبح تھانے کا گھیراؤ ہوگا، ذمہ دار آئی جی خٹک ہوں گے، ہم اپنا حق لے کر رہیں گے، لوگوں کو زبردستی تھانے میں ڈالنے کا کسی کو حق نہیں، ہم چاہیں تو خیبرپختونخوا میں تمام ن لیگیوں کو پکڑلیں، مگر ہم پُرامن لوگ ہیں، ایسا نہیں کرینگے۔کپتان کہتے ہیں کہ آج ظالم اکٹھے ہیں اور مظلوم بٹے ہوئے ہیں، میاں صاحب! پیار سے کہہ رہا ہوں آپ کی اننگ ختم ہوگئی، پویلین لوٹ جائیں، اب آپ کو کوئی نہیں بچاسکتا، کل یا پرسوں آپ کو جانا ہوگا وقت ختم ہوگیا، امپائر کی انگلی اوپر جانے والی ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات