تحریک انصاف کے گرفتار 71کارکنوں کو 7روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا گیا ،

13کارکنوں کی ایک ‘ ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانتیں منظور کر لی گئیں

پیر 1 ستمبر 2014 20:27

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1ستمبر۔2014ء) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے گرفتار 71کارکنوں کو 7روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا جبکہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے 13کارکنوں کی ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانتیں منظور کر لیں ۔ سوموار کے روز گارڈن ٹاؤن پولیس نے تحریک انصاف کے گرفتار کارکنوں کو عدالت میں پیش کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عدالت کو بتایا گیا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کو لبرٹی سے گرفتار کیا گیا اور یہ جلاؤ گھیراؤ ، ہنگاموں اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر لگائی گئی رکاوٹیں ہٹانے میں بھی ملوث ہیں ۔ لہٰذا استدعا ہے کہ ملزمان کو جیل بھجوا دیا جائے جس کے بعد انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے 71کارکنوں کو 7روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا جبکہ گارڈن ٹاؤن پولیس کو ملزمان کو 8ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔علاوہ ازیں گلبرگ پولیس نے لبرٹی سے گرفتار کئے گئے پی ٹی آئی کے تیرہ کارکنوں کو جوڈیشل مجسٹریٹ امتیاز احمد نور کی عدالت میں پیش کیا ۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد ایک ‘ ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانتیں منظور کر لیں۔

متعلقہ عنوان :