عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں ہر شخص غربت اور مہنگائی کا رونا رو رہاہے،چوہدری شجاعت حسین ،

عنقریب صوبہ سندھ ،خیبر پختوانخوا کا دورہ کرونگا،حلیم عادل شیخ اور انتخاب خان چمکنی سے ملاقات میں گفتگو، ناانصافی کے مارے لوگ حکومت کے خلاف متحد ہوگئے ہیں،حلیم عادل شیخ

پیر 1 ستمبر 2014 20:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1ستمبر۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے مسلم لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ اور خیبر پختونخوا کے صدر انتخاب خان چمکنی سے ملاقات میں کہا ہے کہ جس انداز میں چھوٹے صوبوں کے کارکنان ہمارے ساتھ کھڑے ہیں وہ قابل ستائش ہے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے صوبوں کا کردار لازم وملزوم ہے عنقریب صوبہ سندھ اورخیبر پختوانخوا کا دورہ کرونگا۔

اس وقت ملک معاشی ابتری کا شکار ہے لوگوں کے پاس روزگار نہیں ہم نچلی سطح سے لوگوں کو اوپر لائیں گے۔تحریک پاکستان میں چھوٹوں صوبوں کا کردار تاریخ کا حصہ ہیں۔ کارکن پارٹی کا اثاثہ ہیں جو کارکنان اس جدوجہد میں شامل ہیں ان کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے انقلابی اقدامات کرنا ہونگے ہم ایک عرصہ سے ہیجانی کیفیت میں مبتلا عوام کو ترقی اور خوشحالی کادور دینا چاہتے ہیں موجودہ وقت میں ہر چیز عوام کی دسترس سے دور ہوچکی ہے عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں ہر شخص غربت اور مہنگائی کا رونا رو رہاہے۔

(جاری ہے)

ہمیں اس وقت ملک سے وفاداری نبھانے والے حکمرانوں کی ضرورت ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی غیر ذمہ دارانہ پالیسیوں کی وجہ سے اس وقت پوری قوم کے اعصاب مکمل طور پر شل ہوچکے ہیں۔سانحہ ماڈل کے روز سے ہی حکومت یہ کہہ رہی ہے کہ ہمارا کیا قصور ہے اور شاہراہ دستور پر بھی مزید لاشیں گرانے پر بھی ان لوگوں نے خاموشی اختیار کررکھی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے قول وفعل میں تضاد تو شروع دن سے ہی چلا آرہا ہے ۔حلیم عادل شیخ نے سندھ کی صورتحال پر مسلم لیگ کے قائد کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی اتحادی جماعتیں شریف برادران کو سمجھائیں کہ عوام کی خدمت کرنا ان کے بس کا روگ نہیں ہے بہتر کہ یہ لوگ خود چلے جائے کیونکہ عوام اس وقت جن پریشانیوں میں مبتلا ہے وہ سب ان ہی لوگو ں کی مرہون منت ہے جو جعلی مینڈیٹ سے اقتدار پر قابض ہوئے ہیں ۔

آج کے دور میں انصاف مانگنا بھی جرم بنادیا گیا ہے یہ ہی وجہ ہے کہ ناانصافی کے مارے لوگ حکومت کے خلاف متحد ہوگئے ہیں مگر حکومت نے معاملات کو بہتر کرنے کی بجائے سیاسی جنگ کو حقیقی جنگ میں جھونک دیا ہے آج جو ملک میں صورتحال ہے اس کی ذمہ دار بھی خود حکومت ہے اور یہ صورتحال بہت خطرناک بھی ہے۔چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کے موقع پر بلوچستان کے رہنما نصیب اللہ اچکزئی اور سندھ کے جنرل سیکرٹری غلام سرور سیال بھی موجودتھے۔