Live Updates

تحریک انصاف کے ارکان سندھ اسمبلی نے اپنے استعفے جمع کرادیئے،

ہم شفاف انتخابات کے ذریعہ دوبارہ اسمبلیوں میں آئیں گے ،مستعفی ارکان کی میڈیا سے گفتگو

پیر 1 ستمبر 2014 19:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1ستمبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے ارکان سندھ اسمبلی نے پیرکو قائم مقام سیکرٹری سندھ اسمبلی کو اپنے استعفے سندھ اسمبلی بلڈنگ میں جمع کرادیئے ہیں۔ استعفے جمع کرانے والوں میں تحریک انصاف کے ارکان سندھ اسمبلی خرم شیرزمان، سیدحفیظ الدین، ڈاکٹر سیما ضیا اور ثمر علی خان شامل ہیں۔ استعفے سیکرٹری سندھ اسمبلی کے دفتر میں جمع کرائے گئے ہیں۔

استعفے مزیدکارروائی کے لیئے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج دررانی کو بھیجے جائیں گے۔اس موقع پر قائم مقام سیکرٹری سندھ اسمبلی عمرفاروق نے کہا کہ ہمارے ریکارڈ کے مطابق سید حفیظ الدین رکن سندھ اسمبلی نہیں رہے ہیں ۔اس لیے ان کے استعفیٰ کی کوئی حیثیت نہیں ہے ۔سندھ اسمبلی حلقہ پی ایس 93سے جماعت اسلامی کے عبدالرزاق خان کی کامیابی کا نوٹی فکیشن ہمارے پاس موجود ہے ۔

(جاری ہے)

اگر سید حفیظ الدین عدالت سے بحال ہوئے ہیں تو اس کا نوٹی فکیشن تاحال ہمیں موصول نہیں ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 3ارکان کے استعفیٰ مزید کارروائی کے لیے ہم اسپیکر کو بھیج دیں گے ۔اس موقع پر سید حفیظ الدین نے کہا کہ انتخابات میں ہونے والی دھاندلیوں کے خلاف پارٹی پالیسیوں کے مطابق ہم مستعفی ہورہے ہیں ۔اس لیے ہم نے استعفیٰ جمع کرائے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مخدوم جاوید ہاشمی کا اختلاف اپنی جگہ لیکن میں پارٹی پالیسی کے مطابق استعفیٰ دے رہا ہوں ۔ڈاکٹر سیما ضیاء نے کہا کہ ان اسمبلیوں میں رہنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے ۔اس لیے ہم مستعفی ہورہے ہیں ۔ہم شفاف انتخابات کے ذریعہ دوبارہ اسمبلیوں میں آئیں گے ۔خرم شیر زمان نے کہا کہ مستعفی ہونے پر ہمیں کوئی غم اور شرمندگی نہیں ہے ۔ہم نے اپنا حق ادا کردیا ہے اور مستعفی ہوئے ہیں ۔یہ اسمبلیاں دھاندلی کی پیدوار ہیں اس لیے ہم اس سے الگ ہورہے ہیں ۔ثمر علی خان نے کہا کہ پارٹی کی ہدایت کے مطابق ہم نے استعفیٰ جمع کرادیے ہیں ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات