Live Updates

عمران خان طاہرالقادری کو بھی قائل نہیں کرسکتے ،تو وہ پورے ملک اور عوام کو کس طرح قائل کرسکیں گے،صوبائی وزیر کی میڈیا سے گفتگو

پیر 1 ستمبر 2014 19:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1ستمبر۔2014ء) سندھ کے سینئرصوبائی وزیر اورپاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمانثار کھوڑونے کہا ہے کہ عمران خان اور طاہر القادری 58-2-Bکے حامی ہیں ۔تاہم پارلیمنٹ نے 58-2-Bکو ختم کردیا ہے ۔اس لیے ان کا یہ خواب پورا نہیں ہوگا ۔ عمران خان طاہرالقادری کو بھی قائل نہیں کرسکتے ،تو وہ پورے ملک اور عوام کو کس طرح قائل کرسکیں گے۔

پیر کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابی دھاندلیوں کی تحقیقات سے متعلق اگر عمران خان کو کسی پر اعتماد نہیں تو انتخابی دھاندلیوں کی تحقیقات سپریم کورٹ سے کرائی جائے ۔تاہم تحقیقات سے قبل وزیراعظم کے استعفیٰ کا مطالبہ مناسب نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان طاہرالقادری کو بھی قائل نہیں کرسکتے ،تو وہ پورے ملک اور عوام کو کس طرح قائل کرسکیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب غندہ گردی نہیں چلے گی ۔اس لیے ان سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ہوش کے ناخن لیں ۔ورنہ جھگڑے کی صورت حال میں ملک ہاتھوں سے نہ نکل جائے ۔انہوں نے کہا کہ طاہر القادری کو آئین اچھا نہیں لگتا ۔اس لیے وہ انقلاب کی باتیں کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات سمیت تمام مسائل کے حل کا واحد راستہ پارلیمنٹ ہے ۔انہوں نے کہا کہ طاہر القادری اور عمران خان کبھی بھی جمہوریت کے حامی نہیں رہے ہیں ۔جبکہ عمران خان آمر پرویز مشرف کے ریفرنڈم کی مہم چلائی تھی ۔اس لیے انہیں آمر تو اچھے لگتے ہیں لیکن جمہوریت اچھی نہیں لگتی ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :