سرکاری ٹی وی کے ہیڈ کوارٹر میں داخل ہونیوالے بلوائیوں نے دیواروں اور گاڑیوں پر انقلاب کے نعرے بھی تحریر کئے،

مسجد کی چٹائیاں بھی اٹھا کر لے گئے، کینٹین سے کھانے پینے کی اشیاء بھی لوٹ لیں ،خواتین نے جانیں بچانے کیلئے مسجد میں پناہ لی

پیر 1 ستمبر 2014 19:09

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1ستمبر۔2014ء)قومی ٹیلی وژن کے ہیڈ کوارٹر پر حملہ آور ہونے والے بلوائیوں نے دیواروں اور گاڑیوں پر بھی انقلاب کے نعرے تحریر کئے ، مسجد کی چٹائیاں تک اٹھا کر لے گئے جبکہ کینٹین سے کھانے پینے کی اشیاء بھی لوٹ لیں ۔ سرکاری ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حملہ آور ہونے والے بلوائیوں نے عمارت میں داخل ہونے کے بعد سب سے پہلے سی سی ٹی وی کیمروں کو توڑا جبکہ عمارت کی دیواروں اور احاطے میں کھڑی گاڑیوں کے آگے پیچھے انقلاب ‘ انقلاب کے نعرے بھی تحریر کئے ۔

رپورٹ کے مطابق حملہ آور ہونے والے احاطے میں واقع مسجد میں بھی گئے جہاں سے انہوں نے چٹائیاں تک اٹھا لیں ۔پی ٹی وی کی خواتین ورکرز نے اپنی جانیں بچانے کے لئے مسجد میں پناہ لی ۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ حملہ آور ہونیوالے ماہر لوگ تھے جنہوں نے کیمروں کی اسیسریز بھی نکال لیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ تمام لوگ ڈنڈوں اور اسلحہ سے مسلح تھے جو ملازمین کو ہراساں کرتے رہے۔ اس موقع پر بعض لوگ وہاں پڑے ہوئے صوفوں پرلیٹ بھی گئے اور انقلاب انقلاب کے نعرے لگاتے رہے۔رپورٹ میں بتایا گیاکہ حملہ آوروں نے عمارت کے اندر داخل ہوتے ہی موجودہ صدر اور وزیر اعظم اور سابق صدور اور وزرائے اعظم کی آویزاں تصاویر کے فریم بھی اتار کر انہیں توڑ دیا ۔