کراچی اسٹاک ایکس چینج میں مندی ،سرمایہ کاری مالیت میں 16ارب 31کروڑ روپے سے زائد کی کمی،مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 74پوائنٹس کمی سے 28493.74پوائنٹس پر بند ہوا

پیر 1 ستمبر 2014 18:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1ستمبر۔2014ء) کراچی اسٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو اتا ر چڑھاوٴ کے بعد مندی رہی اور کے ایس ای 100انڈیکس 28500کی نفسیاتی حد سے گرگیا ۔سرمایہ کاری مالیت میں 16ارب 31کروڑ روپے سے زائد کی کمی ،کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت 34.50فیصد جبکہ 47.69فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ۔حکومتی مالیاتی اداروں ،مقامی بروکریج ہاوٴسز سمیت دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے توانائی ،سیمنٹ اور بینکنگ سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز 10پوائنٹس کے اضافے سے ہوا ۔

تاہم بعد ازاں ملک میں جاری سیاسی بحران اور اسلام آباد میں مظاہرین کی جانب سے پی ٹی وی کے قبضے کی خبروں کے بعد مقامی سرمایہ کار گروپ تذبذب کا شکار نظر آئے اور اپنے حصص فروخت کرنے کو ترجیح دی ،جس کے نتیجے میں ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس تقریباً400پوائنٹس کی کمی سے 28180پوائنٹس کی سطح پر بھی دیکھا گیا ۔

(جاری ہے)

تاہم پاک فوج کے حرکت میں آنے اور آرمی چیف اور وزیر اعظم کے درمیان ہونے والی ملاقات کی مثبت خبروں کے باعث مارکیٹ میں ایک مرتبہ پھر ریکوری آئی ،جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100انڈیکس ایک مرتبہ پھر 28400کی نفسیاتی حد بحال کرنے میں کامیاب ہوگیا ۔

تاہم اتار چڑھاوٴ کا سلسلہ سارا دن جاری رہا ۔ماہرین اسٹاک کے مطابق ملک میں سیاسی بحران کے باعث مقامی سرمایہ کار گروپ تذبذب کا شکار ہں اور اپنے حصص فروخت کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں ،جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں مندی دیکھی جارہی ہے ۔مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 74پوائنٹس کمی سے 28493.74پوائنٹس پر بند ہوا ۔مجموعی طور پر 325کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ،جن میں سے 121کمپنیوں کے حصص کے بھاوٴ میں اضافہ ،185کمپنیوں کے حصص کے بھاوٴ میں کمی جبکہ 19کمپنیوں کے حصص کے بھاوٴ میں استحکام رہا ۔

سرمایہ کاری مالیت میں 16ارب 31کروڑ 94لاکھ 47ہزار 964روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کار کی مجموعی مالیت گھٹ کر 67کھرب10ارب 60کروڑ 93لاکھ 86ہزار 604روپے ہوگئی ۔پیر کو مجموعی طور پر کاروباری سرگرمیاں 12کروڑ 29لاکھ 76ہزار 803شیئرز رہیں جو جمعہ کے مقابلے میں 6کروڑ 48لاکھ 29ہزار 580شیئرز کم ہیں ،قیمتوں کے اتار چڑھاوٴ کے حساب سے ویتھ پاک لمیٹڈ کے حصص سرفہرست رہے ،جس کے حصص کی قیمت 167.89پوائنٹس اضافے سے 3528.00روپے اور پاک ٹوبیکو کے حصص کی قیمت 49.00روپے اضافے سے 1150.00روپے ہوگئی ۔

نمایاں کمی رفحان میظ کے حصص میں ریکارڈ کی گئی ،جس کے حصص کی قیمت 275.00روپے کمی سے 10500جبکہ باٹا پاک کے حصص کی قیمت 165.00روپے کمی سے 3150.00روپے ہوگئی ۔پیر کو کے الیکٹر کی سرگرمیاں 1کروڑ 95لاکھ 49ہزار 500شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں ،جس کے شیئرز کی قیمت 46پیسے اضافے سے 8.26روپے جبکہ میپل لیف سیمنٹ کی سرگرمیاں 86لاکھ 91ہزار شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں ،جس کے شیئرز کی قیمت 1.09روپے اضافے سے 26.63روپے ہوگئی ۔پیر کو کے ایس ای 30انڈیکس 85.07پوائنٹس کمی سے 19812.61پوائنٹس ،کے ایم آئی 30انڈیکس 6.66پوائنٹس اضافے سے 45501.42جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 51.20پوائنٹس کمی سے 20963.25پر بند ہوا ۔