Live Updates

پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی جہانزیب کھچی نے بھی اپنا استعفیٰ جمع کروادیا،نگہت انتصار بیرون ملک سے واپسی پر استعفیٰ جمع کروائینگی

پیر 1 ستمبر 2014 17:46

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم ستمبر۔2014ء) صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 239 میلسی سے تحریک انصاف کے رکن اسمبلی جہانزیب کھچی نے بھی اپنا استعفیٰ سیکرٹری پنجاب اسمبلی کو جمع کر ادیا ،اس موقع پر قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید اور دیگر رہنما بھی انکے ہمراہ تھے ۔پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمود الرشید نے عمران خان سمیت اپوزپشن قیادت پر مقدمہ کے اندراج کو جمہوری تاریخ کا سیاہ واقع قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ ایوانوں میں بیٹھے ہوئے قتل کی ایف آئی آر میں نامزد ملزمان بلاتاخیر عہدے چھوڑ دیں۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن کی طرح ریڈزون ریاستی دہشتگردی کا مقدمہ بھی بالآخر ان جعلی حکمرانوں کے خلاف چلے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت تحریک انصاف ،عوامی تحریک سمیت اپوزیشن کی حامی جماعتوں کے گرفتار کارکنوں کو فوری رہا کر دے ورنہ پنجاب کے ہر تھانے اور جیل کے باہر گو نواز گو، گو شہباز گو مظاہرے شروع کر دینگے۔انہوں نے صحافیوں پر بدترین تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ حکمران عوام تک حقائق پہنچانے کی انہیں سزا دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے مستعفی ہوتے ہی حالات معمول پر آ جائینگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں نے آرمی چیف کو بھی متنازعہ بنانے کی کوشش کی ۔وقت ثابت کرے گا کہ پارلیمنٹ میں کونسی جماعت وزیر اعظم کے ساتھ کھڑی ہے البتہ عمران خان 18کروڑ عوام کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں پرامن لوگ گزشتہ کئی روز سے اسلام آباد میں احتجاج پر ہیں لیکن حکمرانوں نے کبوتر کی طرح آنکھیں بند کی ہوئی ہیں۔

ایسے آنکھیں بند کرنے سے کچھ نہیں ہوگا بلکہ اب حکومت کو دو قدم آگے بڑھنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے وزیر اعظم کی مستقل چھٹی کے مطالبے پر لچک دکھائی اورکہا کہ جب تک عدالتی کمیشن دھاندلی کی تحقیقات کرے وزیر اعظم عہدے سے الگ ہو جائیں ۔ اگر وسیع پیمانے پر دھاندلی ثابت ہو جائے تو حکومت گھر جائے اور نئے انتخابات ہوں اور اگر یہ ثابت نہیں ہوتا تو ہم قوم سے بھی معافی مانگیں گے اور نواز شریف دوبارہ اپنے عہدے پر آ جائیں۔

انہوں نے کہا کہ اب گو نواز گو ہر زبان پر ہے اور جب تک وزیراعظم مستعفی نہیں ہوتے ملک کے حالات معمول پر نہیں آ سکتے۔ میاں محمود الرشید نے کہا کہ پوری پارٹی نے مستعفی ہونے کا اعلان کر کے عمران خان کی قیادت پر اپنے غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کیا ہے، پوری پارٹی عمران خان کی پشت پر سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی رٹ ختم ہو چکی، پولیس افسران نے حکومت کے غیر قانونی احکامات تسلیم کرنے سے انکار کر کے قائد اعظم کی روح کو سکون پہنچایا ہے، ہم اب بھی کہتے ہیں شریف برادران باعزت مستعفی ہونے کا موقع ضائع نہ کریں ۔

انہوں نے کہا کہ حکمران اقتدارکے ایوانوں میں آخری گھڑیاں گزار رہے ہیں اسی لیے وہ ظلم و ستم کی ہر حد عبور کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ (ن)لیگ کے اراکین اسمبلی مزید خاموش رہے تو جمہوریت اور اپنے حلف سے غداری کے مرتکب ہونگے وہ آگے بڑھیں اور وزیراعظم کو مستعفی ہونے کی وارننگ دیں اور جمہوریت اور پارلیمنٹ کے تحفظ کے حوالے سے اپنا قومی کردار ادا کریں اور پورے نظام کو ایک شخص کی ہٹ دھرمی کی بھینٹ چڑھنے سے روکیں ۔

انہوں نے بتایا کہ تحریک انصاف کی حافظ آباد سے خاتون رکن اسمبلی نگہت انتصار بیرون ملک سے واپسی پر اپنا استعفیٰ جمع کروائینگی۔جہانزیب کھچی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایم پی اے شپ پارٹی کی امانت تھی چیئرمین عمران خان کے حکم پر واپس لوٹا رہے ہیں، پارٹی کے لیے جان، مال سب حاضر ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات