”انقلاب “کے بعد ”آزادی“ ہوتی ہے ، نوجوانوں کے مستقبل کیلئے جی رہاہوں : ڈاکٹرطاہرالقادری

پیر 1 ستمبر 2014 17:12

”انقلاب “کے بعد ”آزادی“ ہوتی ہے ، نوجوانوں کے مستقبل کیلئے جی رہاہوں ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔1ستمبر 2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہاکہ انقلاب اور آزادی ساتھ ساتھ چلتی ہے اور انقلاب کے نتیجے میں قومی آزادی پالیتی ہیں ، وہ نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے زندہ ہیں ، حکمران جمہوریت کی بات کرتے ہیں لیکن جمہوری نظام سے سیکھتے نہیں ، پوری دنیا میں احتجاج ہوتے ہیں اور مظاہرین پر تشددنہیں ہوتا۔


انقلاب مارچ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرطاہرالقادری کاکہناتھاکہ حکمرانوں کے چہرے کی لالیاں غیربوں کے خون سے ہے ،نہتے پرامن لوگوں پر تشدد کیاگیا، آج تک قائد کے نظریئے کے مطابق پاکستان کو کوئی لیڈر ہی نہیں ملا، حکمرانوں کا اقتدار صرف کاروبار کے لیے ہے ۔اُنہوں نے کہاکہ چین پاکستان سے ایک سال بعد آزادہوالیکن آج ہرکسی سے آگے نکل گیا، امریکہ کو بھی آنکھیں دکھاسکتاہے کیونکہ وہاں قیادت ملی ،دیگراقوام کی تقدیر بدل سکتی تو پاکستانی عوام کی کیوں نہیں ؟ کیونکہ یہاں حکمران اپنی نسل اور خاندانوں کا سوچتے ہیں ، سارے پاکستان میں اُنہیں اپنے خاندان سے باہر کوئی قابل اعتبار بندہ ہی نظر نہیں آتا جس کی وجہ سے تقدیر نہیں بدلتی ۔

(جاری ہے)


اُنہوں نے بتایاکہ کارکنان نے اُن کی جان خریدلی ہے ، وہ پہلے بھی کارکنان کے لیے جی رہے تھے ، اپنی ذات سے کوئی دلچسپی نہیں ، اگر وہ دنیا سے چلے جائیںتوشایداللہ بخش دے اور دنیاکی زندگی سے آخرت کی زندگی پرسکون نصیب ہوجائے ، وہ چاہتے ہیں کہ نوجوان نسل کا مستقبل سنور جائے اور سب کو باعزت مقام ملے ۔