اس وقت ملک انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے،پیر پگارا

پیر 1 ستمبر 2014 16:13

اس وقت ملک انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے،پیر پگارا

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم ستمبر۔2014ء) مسلم لیگ فنکشنل کے رہنماء اور حروں کے روحانی پیشوا پیر پگارا نے کہا ہے کہ اس وقت ملک انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے ملک کی موجودہ صورتحال اس قدر بگڑ چکی ہے کہ حکومت کی رٹ مجروح ہورہی ہے جس سے جمہوریت کو شدید نقصان ہوسکتا ہے اور اس وقت ملک مارشل لاء کی جانب بڑھ رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہی۔

مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما حروں کے روحانی پیشوا پیر پگارا کا کہنا ہے کہ شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں‘ ملک کی خاطر تمام فریقین اپنے رویئے پر نظرثانی اور قومی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے ضد اور ٹکراؤ کے بجائے لچک کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ فوج اس وقت ملک کے تحفظ کی جنگ لڑ رہی ہے ایسی صورتحال میں ہمیں متحد ہوکر عوام کی فلاح اور ملک کی مضبوطی اور استحکام کیلئے جدوجہد کریں۔

(جاری ہے)

ملکی صورتحال اس وقت انتہائی تشویشناک ہے‘ انہوں نے کہا کہ ہر محب وطن پاکستانی پریشان ہے اور اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ تشدد اور جبر سیاسی بے یقینی کے سلسلے کو فوری طور پر ختم کرکے مفاہمت اور مذاکرات کیلئے معاملات حل کئے جائیں۔ ایک ماہ سے ملک میں سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے ملک مفلوج ہوکر رہ گیا ہے اور اس وقت ملک کے معاشی معاملات بھی تباہی کی جانب بڑھ رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال انتہائی شرمناک ہے کیونکہ غیرملکی سربراہان کے دورے منسوخ ہورہے ہیں جو ملکی عزت کو مجروح کررہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم متاثرین اور شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہیں اور ان سے پوری ہمدردی رکھتے ہیں اور دعا کرتے ہیں ملکی صورتحال کو اللہ جلد از جلد ٹھیک کرے تاکہ ملک میں خوشحالی اور آمن وآشتی کا پرچار ہواور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے ۔