ملک اگر آئین سے محروم ہوگیا تو وفاق خطرے میں پڑ جائےگا: سراج الحق

پیر 1 ستمبر 2014 16:02

ملک اگر آئین سے محروم ہوگیا تو وفاق خطرے میں پڑ جائےگا: سراج الحق

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔1ستمبر 2014ء) جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق نے کہا کہ اگر ملک آئین سے محروم ہوا تو وفاق خطرے میں پڑ جائے گا،عوام کے اجتماعی فیصلے کو اہمیت دینا ضروری ہے ، وزیر اعظم نواز شریف کے طرز حکومت سے مطمئن نہیں ہیں ۔قومی کانفرنس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ اسلام آباد میں مظاہرے سے عوام کرب میں مبتلا ہیں،حالات کو مثبت رخ دینے کی ضرورت ہے، ہم نے تحریک انصاف کے چھ میں سے پانچ مطالبے حکومت سے منظور کروائے ،پھر کوشش کی کہ تحریک انصاف اور حکومت میں براہ راست ملاقات ہو جس میں حکومت نے پانچ مطالبے تسلیم کیے اور ڈیڈ لاک ہوگئے ،ہم نے پھر تعاون کیا اور وزیراعظم کے استعفے کو دھاندلی کی تحقیقات سے مشروط کر دیا لیکن اسکے باوجود معاملہ کو حل نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ہمارے مطالبے پر حکومت نے دونوں جماعتوں کو احتجاج کی اجازت دی،اجتماعی مطالبے کی بدولت ہی حکومت نے کنٹینرز ہٹائے،آئین اور جمہوریت کی بنیاد پر عوامی فیصلے کو تسلیم کر لینا چاہئے۔انھوں نے کہا کہ معاملے کے حل کیلئے عدالت نے بھی دونوں جماعتوں سے تجاویز لی ہیں، اب اس معاملے کو حل ہو جانا چاہئے،قومی قیادت تماشا کرنے کی بجائے قیادت کرے، معیشت تباہی کی جانب بڑھ رہی ہے،میڈیا پر حملوں کی مذمت کرتے ہیں،کسی کو ثالث بنانے سے زیادہ مسئلہ حل کرنا ضروری ہے۔

انھوں نے کہا کہ ڈنڈے کا جواب ڈنڈے سے دینے کی بجائے معاملات کو مذاکرات سے حل کیا جانا چاہئے،فریقین پارلیمنٹ کو ضامن مانتے ہیں تو تمام جماعتیں اور میں اس کے لیے تیار ہیں ،جس معاشرے میں تشدد کی حکمرانی ہو وہ معاشرہ قائم نہیں رہ سکتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :