Live Updates

وزیراعظم بڑے پن کامظاہرہ کرتے ہوئے بغیرکوئی وقت ضائع کئے طاہرالقادری اور عمران خان کوبراہ راست مذاکرات کی دعوت دیں‘ الطاف حسین

پیر 1 ستمبر 2014 14:25

وزیراعظم بڑے پن کامظاہرہ کرتے ہوئے بغیرکوئی وقت ضائع کئے طاہرالقادری ..

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم ستمبر۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے ایک بارپھر اپنی اس بات کودہرایاہے کہ ملک میں گزشتہ کئی روزسے جاری سیاسی بحران کے خاتمہ کیلئے وزیراعظم نوازشریف کوچاہیے کہ وہ بڑے پن کامظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹرطاہرالقادری اورتحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کوبراہ راست مذاکرات کی دعوت دیں۔

ایک انٹرویو میں الطاف حسین نے کہاکہ میں گزشتہ کئی روزسے حکمرانوں سے مسلسل یہی کہہ رہاہوں کہ معاملات کو مذاکرات ، بات چیت اورافہام وتفہیم کے ذریعے حل کیاجائے اوراس مقصد کیلئے کسی بھی مثبت قدم سے گریز نہ کیاجائے۔انہوں نے کہا کہ میں نے کل بھی کہاتھا ، آج بھی کہااور ایک مرتبہ پھروزیراعظم نوازشریف سے کہتاہوں کہ وہ بڑے پن کامظاہرہ کرتے ہوئے بغیرکوئی وقت ضائع کئے ڈاکٹر طاہرالقادری اورعمران خان کو براہ راست مذاکرات کی دعوت دیں اوراگروہ دونوں رہنماکسی ہچکچاہٹ کامظاہرہ کریں تووزیراعظم نوازشریف اس کواپنی انا کامسئلہ نہ بنائیں بلکہ اپنے رفقاء کے ساتھ ڈاکٹر طاہرالقادری اور عمران خان کے کنٹینرمیں خودچل کرجائیں اوراس وقت تک نہ اٹھیں جب تک معاملہ حل نہ ہواورافہام وتفہیم کے ذریعے کوئی بہتر حل نہ نکلے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی بحران کے خاتمہ کیلئے کوششوں میں جتنی تاخیرکی جائے گی ملک کااتناہی نقصان ہوگا۔ جناب الطا ف حسین نے مظاہرین اورصحافیوں پر تشددکے واقعات پرافسوس کااظہارکرتے ہوئے ایک بارپھرحکومت سے کہاکہ ہرچیزکاعلاج گولی، گالی اورشیلنگ نہیں ہوتالہٰذا طاقت کے استعمال سے ہرقیمت پر گریز کیاجائے ۔انہوں نے تشددکے واقعات میں جاں بحق ہونے والے افرادکے لواحقین سے دلی تعزیت کااظہارکیااورزخمیوں کی جلدصحتیابی کیلئے دعاکی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات